سینیٹ میں شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت پر قرارداد متفقہ طور پر منظور ، ان کی فکری، ادبی اور سیاسی خدما ت کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):سینیٹ نے شاعرِ مشرق، مفکرِ اسلام اور عظیم فلسفی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے جس میں ان کی فکری، ادبی اور سیاسی خدما ت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیاہے۔ اتوار کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شیری رحمن نے یہ قرار داد پیش کی ،قرارداد میں علامہ اقبال کو شاعرِ مشرق …

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):سینیٹ نے شاعرِ مشرق، مفکرِ اسلام اور عظیم فلسفی ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے جس میں ان کی فکری، ادبی اور سیاسی خدما ت کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیاہے۔

اتوار کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شیری رحمن نے یہ قرار داد پیش کی ،قرارداد میں علامہ اقبال کو شاعرِ مشرق اورایک علیحدہ مسلم مملکت کے تصور کے معمارکے طور پر تسلیم کیا گیا، جو انہوں نے 1930 کے مشہور الہ آباد خطبہ میں پیش کیا تھا۔قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اقبال کی شاعری، فلسفہ اور سیاسی فکر آج بھی قوم اور نوجوان نسل کے لیے حوصلہ، خودی، اتحاد اور جرات کا سرچشمہ ہیں۔قرارداد میں عزم ظاہر کیا گیا کہ ملک بھر میں اقبال کی تعلیمات اور فلسفے کو نصابِ تعلیم اور عوامی مکالمے کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ نئی نسل کو خودی، خود اعتمادی اور خدمتِ وطن کے جذبے سے سرشار کیا جا سکے۔

قرار داد میں مزید کہا گیا کہ یوم اقبال کو صرف یادگاری دن کے طور پر نہیں بلکہ اقبال کے پیغام اور نظریات سے عملی وابستگی کے دن کے طور پر منایا جائے۔سینیٹ نے حکومت، سول سوسائٹی اور تعلیمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اقبال کی زندگی اور تعلیمات پر سیمینارز، تقریبات اور ثقافتی سرگرمیاں منعقد کریں تاکہ ان کے پیغام کو عام کیا جا سکے۔قرارداد میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ پاکستان کو آزادی، مساوات اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ایک انسان دوست اور ترقی پسند معاشرہ بنایا جائے گا، جیسا کہ علامہ اقبال نے اپنے افکار میں تصور پیش کیا تھا۔