اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے مشرقی بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں اقوامِ متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے (یو این آر ڈبلیو اے ) کے کمپاؤنڈ پر اسرائیلی حکام کی جانب سے فوجی تنصیبات قائم کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے
سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ کی مشرقی بیت المقدس میں یو این آر ڈبلیو اے کے کمپاؤنڈ پر فوجی تنصیبات قائم کرنے کے اسرائیلی فیصلے کی مذمت

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔21مئی (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے مشرقی بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں اقوامِ متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کے ادارے (یو این آر ڈبلیو اے ) کے کمپاؤنڈ پر اسرائیلی حکام کی جانب سے فوجی تنصیبات قائم کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔شنہوا کے مطابق اقوامِ متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکام نے جنوری میں شیخ جراح کمپاؤنڈ پر قبضہ کیا تھا اور اب وہاں فوجی تنصیبات قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یو این آر ڈبلیو اے کے خلاف یہ غیر معمولی اور اشتعال انگیز اقدامات اقوامِ متحدہ کی عمارتوں کے تقدس اور تحفظ کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ترجمان کے مطابق یہ اقدامات مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی بیت المقدس میںیو این آر ڈبلیو اے کی مسلسل سرگرمیوں سے متعلق جنرل اسمبلی کے واضح مینڈیٹ کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹری جنرل نے اسرائیل کی جانب سے یو این آر ڈبلیو اے کے خلاف جاری اشتعال انگیز کارروائیوں کو مکمل طور پر ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی عدالتِ انصاف پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ ایسے اقدامات غیر قانونی ہیں جبکہ اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں بشمول مشرقی بیت المقدس میں خودمختار اختیارات استعمال کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون کے تحت پابند ہے کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اپنی غیر قانونی موجودگی کو جلد ختم کرے۔سیکرٹری جنرل نے اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے اور شیخ جراح میں واقع یو این آر ڈبلیو اے کے کمپاؤنڈ فوری طور پر اقوامِ متحدہ کے حوالے کرے۔بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ یو این آر ڈبلیو اے اقوامِ متحدہ کا ایک اہم ادارہ ہے اور شیخ جراح میں یو این آر ڈبلیو اے کا کمپاؤنڈ بدستور اقوامِ متحدہ کی ملکیت اور حدود میں شمار ہوتا ہے۔








