سیکرٹری جنرل شنگھائی تعاون تنظیم ولادی میر نوروف کی چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی سے ملاقات

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ولادی میر نوروف نے گزشتہ روز بیجنگ میں پاکستان کی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی سے ملاقات کی اور انہیں چین میں پاکستانی سفیر کی حیثیت سے تعیناتی پر مبارکباد دی اور مستقبل میں کامیابیوں اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ ایس سی او سیکرٹریٹ کے مطابق بات چیت کے دوران فریقین نے رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تعمیری تبادلہ خیال کیا۔ولادیمیر نوروف نے پاکستانی سفیر کو جون 2019میں بشکیک میں ہونے والے ایس سی او سربراہ اجلاس کے نتائج اور 2019-20 میں ایس سی او کی روسی صدارت کے دوران شیڈول کے مطابق منعقد ہونے والے واقعات سے آگاہ کیا۔انہوں نے رواں سال ایس سی او ہیڈ کوارٹرز میں حکومتی کونسل کے اجلاس سمیت ایس سی او ایجنڈے کے اہم موضوعات اور رواں سال کی دوسری ششماہی میں متوقع ایس سی او پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔