سی ٹی او فرحان اسلم کا ٹریفک ہیڈکوارٹرز کے لائسنسنگ ہال کا دورہ، شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا ہے کہ شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آسان، شفاف اور مؤثر سہولیات کی فراہمی ٹریفک پولیس کی ترجیح ہے

راولپنڈی۔16ستمبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا ہے کہ شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آسان، شفاف اور مؤثر سہولیات کی فراہمی ٹریفک پولیس کی ترجیح ہے۔ انہوں نے یہ بات ٹریفک ہیڈکوارٹرز کے لائسنسنگ ہال کا دورہ کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے لائسنسنگ کے عمل، مختلف کاؤنٹرز اور ون ونڈو سسٹم کا جائزہ لیا۔انہوں نے لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے سہولیات اور درپیش مسائل کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور متعلقہ عملے کو شہریوں کی رہنمائی، بہتر رویے اور شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات جاری کیں۔ پولیس کے مطابق شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات کو سراہا، تاہم ٹریفک وارڈنز کے رویے، چالان کے طریقہ کار اور دیگر معاملات سے متعلق شہری شکایات کے ازالے پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔سی ٹی او نے کہا کہ تمام لائسنسنگ سینٹرز میں اصلی شناختی کارڈ کے ذریعے لائسنس کے حصول کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کے لیے خصوصی ریلیف کے تحت فوری لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔ سینئر شہریوں، خواتین اور ٹرانسجینڈرز کے لیے الگ کاؤنٹر مختص ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری مقررہ ٹیسٹ پاس کرکے بغیر کسی سفارش کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں