ریٹائرڈ پی ایم ایس گریڈ-20 کے آفیسرشوکت علی یوسفزئی نے رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوا کے کمشنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا
شوکت علی یوسفزئی نے رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوا کے کمشنر کا چارج سنبھال لیا
پشاور۔ 09 ستمبر (اے پی پی):ریٹائرڈ پی ایم ایس گریڈ-20 کے آفیسرشوکت علی یوسفزئی نے رائٹ ٹو پبلک سروسز کمیشن خیبر پختونخوا کے کمشنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ انہیں وسیع انتظامی تجربہ حاصل ہے اور وہ کمشنر مردان، کمشنر بنوں، کمشنر ہزارہ اور کمشنر ملاکنڈ کے اہم انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کا تعلق بنیادی طور پر سوات سے ہے اور انہوں نے اپنے شاندار انتظامی کیریئر کے دوران مختلف اہم عہدوں پر ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔چارج سنبھالنے کے بعد نئے کمشنر نے آر ٹی ایس کمیشن کے ہیڈکوارٹرپشاور کا دورہ کیا اور چیف کمشنر سمیت کمیشن کے افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہیں کمیشن کے مینڈیٹ، طریقہ کار، جاری اقدامات اور عوامی آگاہی کی سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بعد ازں ،عملے کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر شوکت علی یوسفزئی نے کہا کہ عوام کو بروقت، شفاف اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق عوامی خدمات کی فراہمی بہتر طرزِ حکمرانی کی بنیادی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آر ٹی ایس کمیشن شہریوں کے اس قانونی حق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا رہے کہ انہیں مقررہ مدت کے اندر نوٹیفائیڈ عوامی خدمات فراہم کی جائیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ عوامی خدمات کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی، سروس ڈلیوری کی نگرانی اور متعلقہ اداروں کی جوابدہی یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا پر مبنی نگرانی اور مؤثر عوامی رابطہ کاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اپنے وژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ترجیح آر ٹی ایس نظام کو مزید قابلِ رسائی، مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانا ہوگی تاکہ عام شہریوں کو غیر ضروری تاخیر، مشکلات اور رکاوٹوں کے بغیر سرکاری خدمات حاصل ہو سکیں۔کمیشن کے افسران اور ملازمین نے شوکت علی یوسفزئی کو کمشنر کا عہدہ سنبھالنے پر خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان کی رہنمائی میں صوبے میں رائٹ ٹو پبلک سروسز کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔









