چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اکیڈمک کمپلیکس میں علم و ادب، ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ تھیٹر ہال کا افتتاح کردیا۔ جدید تھیٹر ہال طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اظہار خیال، تخلیقی صلاحیتوں، فنون لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے لیے موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں جدید تھیٹر ہال کا قیام

مزید خبریں
اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے اکیڈمک کمپلیکس میں علم و ادب، ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ تھیٹر ہال کا افتتاح کردیا۔ جدید تھیٹر ہال طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ اظہار خیال، تخلیقی صلاحیتوں، فنون لطیفہ اور ثقافتی سرگرمیوں کے لیے موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، اساتذہ اور پرنسپل افسران نے شرکت کی ۔ تھیٹر ہال میں پہلی تقریب کے طور پر پنجاب یونیورسٹی کی پروفیسر ایمریٹس اور ممتاز ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر منور سلطانہ مرزا کی کتاب ’’ٹیچر ایجوکیشن ان پاکستان‘‘ کی رونمائی ہوئی جس کی صدارت چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کی۔ ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ پاکستان میں معیاری تعلیم کے لیے باصلاحیت، تربیت یافتہ اور باکردار استاد ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ استاد صرف کتابی علم کا امین نہیں بلکہ اپنے طلبہ، والدین اور معاشرے کے لیے عملی نمونہ اور رول ماڈل ہونا چاہیے۔ بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کے پیش نظر اساتذہ کی علمی، تدریسی اور پیشہ ورانہ تربیت پر مسلسل توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹیچر ایجوکیشن ان پاکستان‘‘ اس حوالے سے نہایت اہم کتاب ہے جو اساتذہ کی تعلیم و تربیت، ان کے کردار اور پیشہ ورانہ ترقی کے اہم پہلوئوں کو سمجھنے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اساتذہ اور تعلیم سے وابستہ افراد کو کتاب کے مطالعے سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے پروفیسر ڈاکٹر منور سلطانہ مرزا کی علمی و تدریسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم و تدریس کے میدان میں ایک معتبر علمی حوالہ اور صاحبِ بصیرت شخصیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹیچر ایجوکیشن ان پاکستان‘‘ ان کی علمی بصیرت، تجربے اور فکری کاوش کا مظہر اور تعلیم سے وابستہ افراد کے لیے ایک قابل قدر علمی سرمایہ ہے۔ تقریب سے وزارت تعلیم کے ایڈیشنل سیکرٹری حسن ثقلین، پارلیمانی سیکرٹری رابعہ نسیم، پروفیسر ایمریٹس و سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود الحسن بٹ اور ڈاکٹر افشاں ہما نے بھی خطاب کیا اور کتاب کو پاکستان میں اساتذہ کی تعلیم و تربیت کے موضوع پر ایک اہم علمی کاوش قرار دیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر منور سلطانہ مرزا کی علمی و تحقیقی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔







