شہدائے جموں و کشمیر کی تحریکِ آزادی کے لیے لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے جموں و کشمیر نے پاکستان کی محبت اور تحریکِ آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدائے جموں و کشمیر نے پاکستان کی محبت اور تحریکِ آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔یوم شہدائے کشمیر پر جاری پیغام میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں شہدا کا کردار ناقابل فراموش ہے، ان کی قربانیاں کشمیری قوم کے عزم و استقلال کی علامت ہیں،بھارتی فوج نے ڈوگرہ فوج اور آر ایس ایس کے ساتھ مل کر تین لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا، یہ قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ شہدائے کشمیر کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، ان شاء اللہ کشمیریوں کو آزادی نصیب ہوگی،پاکستان ہر حال میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا اور ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدائے کشمیر کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور کشمیری عوام کو آزادی کی منزل نصیب کرے۔انہوں نے کہا کہ 1931کے 22 کشمیری شہدا کی عظیم قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔