شہدائے پولیس کی قربانیاں قوم کا عظیم سرمایہ ہیں، شازیہ عطا مری

"پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکنِ قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر کہا ہے کہ پارٹی دہشت گردی، جرائم اور وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔”

حیدرآباد۔ 03 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکنِ قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دہشت گردی، جرائم اور وطنِ عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدائے پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، جن پر پوری قوم ان کی مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس نے دہشت گردی، جرائم اور امن دشمن عناصر کے خلاف ہمیشہ جرات و بہادری سے خدمات انجام دیں اور اپنے خون سے وطن کی حفاظت کی تاریخ رقم کی۔ شہداء کی لازوال قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ شازیہ عطا مری نے کہا کہ قوم اپنے ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جبکہ شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ صبر، حوصلے اور استقامت کی روشن مثال ہیں، جنہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے پولیس کی قربانیاں پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی