آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے انتظامی امور، سکیورٹی انتظامات، جدید تعمیراتی منصوبوں، لاجسٹک سپورٹ اور پولیس ویلفیئر سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا
شہریوں کو معیاری اور باوقار پولیسنگ کی فراہمی اولین ترجیح ہے، آئی جی اسلام آباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرصدارت اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے انتظامی امور، سکیورٹی انتظامات، جدید تعمیراتی منصوبوں، لاجسٹک سپورٹ اور پولیس ویلفیئر سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے تمام افسران کو تمام منصوبوں اور اقدامات میں پیشہ ورانہ معیار، شفافیت اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ اسلام آباد پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر، ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق، اے آئی جی لاجسٹکس عبدالحق عمرانی، اے آئی جی جنرل سید عنایت علی شاہ، ایس ایس پی ماڈل پرزنز اسلام آباد علی اکبر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اسلام آباد پولیس کے انتظامی امور، سکیورٹی انتظامات، جدید تعمیراتی منصوبوں، لاجسٹک سپورٹ، پولیس ویلفیئر اور شہری سہولیات سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس موقع پر جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی حکمتِ عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام منصوبوں اور اقدامات میں پیشہ ورانہ معیار، شفافیت اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جدید، موثر اور بہترین پولیسنگ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی اعتماد کا حصول اور شہریوں کو باوقار ماحول میں خدمات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔بعد ازاں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پولیس اسٹیشن آبپارہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد، اے آئی جی سپیشل برانچ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور ایس ایس پی سی ٹی ڈی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تھانہ جات کو صرف خوبصورت عمارتوں تک محدود نہیں رکھا جا رہا بلکہ انہیں ایسے جدید مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے جہاں شہریوں کو خوشگوار، باوقار اور دوستانہ ماحول میں بہترین سروسز فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے سپیشل انیشی ایٹوز پولیس اسٹیشنز (SIPS) پروٹوکول کے تحت تھانہ آبپارہ میں جاری ترقیاتی اور اپگریڈیشن کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو معیار اور رفتار کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔مزید برآں، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پولیس خدمت مرکز ایچ الیون کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اے آئی جی جنرل سید عنایت علی شاہ کو پولیس خدمت مرکز کی اپگریڈیشن، جدید سہولیات کی فراہمی اور شہریوں کے لیے خدمات کو مزید آسان، موثر اور تیز رفتار بنانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔








