اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 98 ویں یوم پیدائش کے موقع پران کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ہمہ جہت خدمات قومی تاریخ کا روشن باب ہیں جن پر آج بھی پوری قوم فخر کرتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو …
شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ہمہ جہت خدمات قومی تاریخ کا روشن باب ہیں ، چیئرمین سینیٹ

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 98 ویں یوم پیدائش کے موقع پران کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی ہمہ جہت خدمات قومی تاریخ کا روشن باب ہیں جن پر آج بھی پوری قوم فخر کرتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں جمہوریت کے فروغ، انسانی حقوق کی فراہمی اور عوامی بالادستی کے لیے ناقابلِ فراموش خدمات سرانجام دیں۔ اُنہی کی قیادت میں قوم کو متفقہ آئینِ پاکستان ملا، جس نے وفاق کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے شہید بھٹو کی اختیار کردہ مؤثر حکمتِ عملی اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھنے کا تاریخی فیصلہ قومی سلامتی کی ضمانت ثابت ہوا، جس کی بدولت پاکستان آج دشمن کی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی عوام دوست سوچ اور سیاسی بصیرت ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کے افکار پر عمل پیرا ہو کر ہم غریبوں، کسانوں، مزدوروں اور خواتین کو قومی دھارے میں شامل کر کے بااختیار بنا سکتے ہیں، جبکہ اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور مساوی حقوق کی فراہمی کے ذریعے ملک میں ہم آہنگی اور خوشحالی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان اصولوں پر عمل درآمد سے نہ صرف قومی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں بھی کھڑا کیا جا سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم بن کر ثابت کیا کہ پاکستان میں خواتین میں قیادت اور ہر شعبے میں آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی سیاسی وراثت کو صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جمہوری روایات کو مضبوط کرتے ہوئے آگے بڑھایا، جنہوں نے صدر ہونے کے باوجود اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو منتقل کر کے جمہوریت کی بالادستی کو یقینی بنایا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری میں وہ تمام قائدانہ اوصاف موجود ہیں جو نوجوان نسل کی مؤثر قیادت کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے استحکام، خواتین کے حقوق اور غریب عوام کی فلاح کے لیے جو بے مثال قربانیاں دی ہیں، ان کی مثال تاریخ میں کم ملتی ہے۔آخر میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ہمیں اپنی قیادت اور اس کے مشن پر فخر ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور سماجی انصاف کے سفر کو ہر حال میں جاری رکھے گی۔








