اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ کی شہادت نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو تمام مکاتب فکر کے لیے امید اور حوصلے کی علامت تھیں اور انہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی،انہوں نے اپنے والد شہید …
شہید محترمہ بینظیر بھٹو تمام مکاتب فکر کیلئے امید اور حوصلے کی علامت تھیں، انہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کی، سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محترمہ کی شہادت نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو تمام مکاتب فکر کے لیے امید اور حوصلے کی علامت تھیں اور انہوں نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی،انہوں نے اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو جرات، استقامت اور بصیرت کے ساتھ آگے بڑھایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے زیر اہتمام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 18 ویں یوم شہادت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری عامر علی احمد، بی آئی ایس پی کے افسران اور عملہ نے بھرپور شرکت کی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن اور عوام دوست سوچ کا عملی اظہار ہے، اس پروگرام سے مستحق گھرانوں کی خواتین کو بااختیار بنایا گیا، انہیں گھرانے کی سربراہ کا درجہ دیا گیا اور شناختی کارڈ کے ذریعے شہری کی شناخت، مالی معاملات میں شمولیت اور ووٹ کے حق کو تقویت ملی۔ انہوں نے کہا کہ مستحق خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے بی آئی ایس پی کا کردار کلیدی ہے اور اس کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی خواتین کے لیے مشعل راہ ہیں، خواتین اپنی طاقت، حوصلہ اور فکری آزادی بی بی شہید کے نام سے حاصل کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی گزشتہ 18 برسوں سے محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن پر عمل پیرا ہے اور آج ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین اس پروگرام سے مستفید ہو رہی ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ صدر مملکت اور وزیر اعظم کی ہدایات پر دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سوشل پروٹیکشن والٹ کے ذریعے ایک کروڑ مستحق خواتین کی مالی نظام میں بااختیار شمولیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچے وظائف حاصل کر رہے ہیں جبکہ بینظیر ہنرمند پروگرام اور بینظیر نشوونما پروگرام خواتین، مائوں اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں اقدامات ہیں جو بی آئی ایس پی کی کامیابیوں کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پلیٹ فارم سے خواتین کے حقوق، سماجی تحفظ اور معاشی خودمختاری کے لیے خدمات کا یہ سفر جاری رہے گا۔ تقریب کے دوران بی آئی ایس پی آفیسر ایسوسی ایشن کے صدر سردار عظمت نے بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر شہید محترمہ کی یاد میں کلام اور نغمے بھی پیش کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔








