صاف اور فعال پبلک ٹوائلٹس کی دستیابی بنیادی عوامی اور آئینی ضرورت ہے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں پبلک ٹوائلٹس کی فراہمی سے متعلق کیس میں تفصیلی عبوری حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے

لاہور۔19جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں پبلک ٹوائلٹس کی فراہمی سے متعلق کیس میں تفصیلی عبوری حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ صاف اور فعال پبلک ٹوائلٹس کی دستیابی بنیادی عوامی اور آئینی ضرورت ہے۔ جسٹس راحیل کامران شیخ نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خراب پبلک ٹوائلٹس کی مرمت، صفائی، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب سے متعلق رپورٹ پیش کی جائے۔ ساتھ ہی شہری، دیہی، ضلعی اور تحصیل سطح پر موجود ٹوائلٹس کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئیں۔ فیصلے میں کہا گیا کہ پنجاب جیسے بڑے صوبے میں صرف 1420 پبلک ٹوائلٹس ناکافی ہیں جبکہ127 ٹوائلٹس غیر فعال ہیں۔ عدالت نے نشاندہی کی کہ معذور افراد کیلئے صرف10 اور ٹرانسجینڈر افراد کیلئے5 ٹوائلٹس مختص ہیں جو ضرورت کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ خواتین، بچوں، بزرگوں، معذور اور ٹرانسجینڈر افراد کیلئے بھی مساوی بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ سیکرٹری متعلقہ محکمہ کو 16 ستمبر کی سماعت سے ایک ہفتہ قبل جامع رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔

مزید خبریں