نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، محمد حنیف عباسی

نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، محمد حنیف عباسی

راولپنڈی۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدانوں میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور راولپنڈی ٹائیگرز کی ٹیم مکمل طور پر میرٹ، شفافیت اور اہلیت کی بنیاد پر منتخب کی جائے گی،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ اور گراس روٹ سطح پر نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور راولپنڈی ٹائیگرز کے ٹرائلز بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہیں۔ جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی ٹائیگرز کے ٹرائلز کے لیے 10 ہزار نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی جو نوجوان نسل کے کھیلوں میں بڑھتے ہوئے رجحان کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں کسی قسم کی سفارش یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا اور ہر کھلاڑی کو اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے گا۔ محمد حنیف عباسی نے سپانسرز اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کا پلیئر ڈویلپمنٹ ماڈل گزشتہ کئی برسوں سے ملک بھر سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو سامنے لانے میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور جارح مزاج بیٹر فخر زمان بھی موجود تھے جنہوں نے نوجوان کرکٹرز کے ٹرائلز کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ راولپنڈی ٹائیگرز کے لیے منتخب 20 کھلاڑیوں کو لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس کیمپ میں جدید تربیت اور گرومنگ فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف راولپنڈی شہر تک محدود نہیں بلکہ پورے راولپنڈی ڈویژن کے نوجوانوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں، سرکاری تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے میدان تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ 14 سے زائد فلڈ لائٹ کرکٹ گراؤنڈز بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کو سلیکشن کے حوالے سے کوئی تحفظات ہوں تو انہیں دور کیا جائے گا کیونکہ پورا نظام شفافیت اور میرٹ پر استوار ہو گا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور تعمیری سفارت کاری کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کا نام عزت و وقار سے لیا جا رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ کی کاوشوں کو عالمی سطح پر امن کے فروغ کے تناظر میں سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کا قومی مفاد، اتحاد اور استحکام ہر چیز سے مقدم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ٹرائلز وطن کے دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے بہادر شہداء کے نام منسوب ہیں جنہوں نے قومی سلامتی کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس منصوبے کو بھرپور جوش و خروش کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ فخر زمان اور شاہین شاہ آفریدی خصوصی طور پر نوجوانوں کا ٹیلنٹ دیکھنے راولپنڈی آئے ہیں تاکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

عاطف رانا نے کہا کہ وہ "سردار قلندر” حنیف عباسی کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے راولپنڈی آئے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ یہاں سے منتخب ہونے والے کم از کم ایک نوجوان کھلاڑی کو گلوبل سپر لیگ سمیت بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا موقع اور مناسب ایکسپوژر فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کرکٹ کے حوالے سے بے پناہ ٹیلنٹ کا حامل شہر ہے اور لاہور قلندرز اس ٹیلنٹ کو نکھار کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزید خبریں