صحت بنیادی انسانی حق ہے ،مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بھی ہے، ڈاکٹر فرح ناز اکبر

صحت بنیادی انسانی حق ہے ،مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بھی ہے، ڈاکٹر فرح ناز اکبر

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارتِ ثقافت و قومی ورثہ، حکومتِ پاکستان ڈاکٹر فرح ناز اکبر نے کہا ہے کہ صحت ایک بنیادی انسانی حق ہے اور ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی بنیاد بھی ہے، ہماری ثقافتی روایات اور طرزِ زندگی ایک صحت مند معاشرے کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں جن میں سادہ طرزِ زندگی، متوازن غذا، مضبوط خاندانی نظام اور فطرت سے قربت شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یومِ صحت کے موقع پر اسلام آباد کریسنٹ لائنز کلب کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ گلگت بلتستان، جسٹس (ر) رانا محمد شمیم بطور معزز مہمانِ خاص شریک ہوئے، جبکہ گیسٹ اسپیکر ڈاکٹر مسعود غنی، سابق ڈسٹرکٹ گورنر لائنز کلب، نے عالمی یومِ صحت کی اہمیت اور اس کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر فرح ناز اکبر نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی صحت کی سہولیات کی بہتری، دیہی علاقوں میں طبی خدمات کی فراہمی، ماں اور بچے کی صحت کے پروگرامز اور جدید طبی سہولیات کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری نے اس امر پر زور دیا کہ صحت محض علاج تک محدود نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر طرزِ زندگی ہے، جس میں صاف پانی، متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی، ذہنی سکون اور صاف ستھرا ماحول بنیادی عناصر ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت مند اور باشعور نوجوان ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، لہٰذا صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر مسعود غنی نے بھی صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی اور حاضرین کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی تلقین کی۔تقریب کے کامیاب انعقاد میں کلب کے صدر محمد عسکری نقوی اور سیکرٹری سبطین رضا لودھی نے اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں شہر کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔آخر میں کلب کے صدر محمد عسکری نقوی کی جانب سے مہمانانِ خصوصی کو سووینئر پیش کیے گئے، جبکہ تقریب کے اختتام پر شعبان صاحب نے تمام مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔