صدر آزاد جموں وکشمیر مسعود خان کا کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 13 اکتوبر (اے پی پی) صدر آزاد جموں وکشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں غربت کے خاتمے میں بی آئی ایس پی کا کردار قابل ستائش ہے، پروگرام نے غربت کے خاتمے، پرائمری سکولوں میں بچوں کے اندارج اور خواتین کی بااختیاری کیلئے قابل ذکر نتائج حاصل کئے ہیں جس کی بدولت یہ رول ماڈل سوشل سیفٹی نیٹ بن چکا ہے جسے عالی بینک، آئی ایم ایف، ڈی ایف آئی ڈی اور اے ڈی بی نے تسلیم کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے ایک کانفرنس کے دوران کیا جس میں بی آئی ایس پی کارکردگی رپورٹ 2014-16 پیش کی گئی۔ تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن، ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی فاروق طاہر، وزیر ورکس چوہدری عزیز، وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی، وزیر جنگلات میر علی اکبر، وزیر برائے سماجی بہبود اورترقی نسواں نورین عارف، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندگان، صحافی اور بی آئی ایس پی مستحقین نے شرکت کی۔