صدر عارف علوی کی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو متوفی ملازم کی بیوہ کو ملازمت دینے کے وفاقی محتسب کے احکامات برقرار رکھتے کی ہدایت

صدر مملکت

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو متوفی ملازم کی بیوہ کو ملازمت دینے کے وفاقی محتسب کے احکامات برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی متوفی ملازم کی بیوہ کو وزیر اعظم کے امدادی پیکیج کے تحت مزید وقت ضائع کیے بغیر تعینات کرے۔

اتوار کو ایوانِ صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی تعمیل کی رپورٹ 30 دنوں کے اندر وفاقی محتسب کو جمع کرائے، افسوس کہ پانچ نابالغ بچوں پر مشتمل متاثرہ خاندان کے چار سال ضائع کئے گئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بیوہ نے شوہر کی وفات کے بعد ایک سال کا مقررہ وقت گزر جانے کے بعد ملازمت کے لیے درخواست دی جسے مسترد کیا گیا تھا،بیوہ نے انصاف کیلئے وفاقی محتسب کے پاس درخواست جمع کرائی جس نے نوکری دینے کے احکامات جاری کئے،نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی تھی،صدر مملکت نے وفاقی محتسب کا بیوہ کو نوکری دینے کا فیصلہ برقرار رکھا اور اتھارٹی کی درخواست مسترد کر دی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ بیوہ نے شوہر کی وفات کے دو سال آٹھ ماہ سے زائد عرصہ بعد درخواست دی مگر سماعت کے دوران اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا آفس میمورنڈم پیش کیا، میمو کے مطابق ایک سال کے اندر ملازمت کے لیے درخواست دینے کی شرط میں ترمیم کی گئی ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے عمر کی حد میں نرمی کو نظر انداز کیا۔صدر مملکت نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے موقف کو غلط قرار دیا اور بیوہ کی تقرری پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔