صدر مملکت ممنون حسین کا عبدالمجید پروین رقم قومی خطاطی مقابلہ کے اختتامی سیشن سے خطاب

APP08-28 ISLAMABAD: February 28 - President Mamnoon Hussain addressing the closing ceremony of “Abdul Majeed Parveen Raqam” Youth Calligraphy Competition and Exhibition. APP

اسلام آباد ۔ 28 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ اپنے تہذیبی ورثے کے ساتھ وابستگی برقرار رکھنے اور اسے پروان چڑھانے والی قومیں ہر اعتبار سے کامیاب رہیں۔ تہذیبی اقدار علمی، ثقافتی اور اقتصادی ترقی کو بنیاد فراہم کرتی ہیں، نوجوان خوش نویسوں کی محنت صرف ان کے لیے ہی سود مند ثابت نہیں ہو گی بلکہ یہ قومی خدمت وطنِ عزیز کو زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی فائدہ پہنچائے گی۔ انہیں دور جدید کی ایجادات کو اپنے فنون کے فروغ میں معاون کے طور پر استعمال کرنا چاہیے۔ وہ بدھ کو یہاںعبدالمجید پروین رقم قومی خطاطی مقابلہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن عرفان صدیقی، وفاقی سیکریٹری عامر حسن، صاحبان علم و دانش، سفارتکار اورنوجوان خطاط نویس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ فن خطاطی کے بے تاج بادشاہ عبدالمجید پروین رقم سے منسوب خوش نویسی کے اس عظیم الشان مقابلہ میں نوجوانوں کے قلم سے نکلنے والے خوش نویسی کے جو نمونے دیکھے ہیں ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسلمانوں کا یہ تہذیبی ورثہ میراث کی طرح ایک سے دوسری نسل کو منتقل ہو رہا ہے اور اس سے میرا یقین پختہ ہو ا ہے کہ ہمارے تہذیبی ورثے کا مستقبل تابناک ہے۔