صدر مملکت ممنون حسین کا یوم اقبال کے موقع پر پیغام

اسلام آباد۔ 9 نومبر(اے پی پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہم یوم اقبال کے موقع پر ایک بار پھر عہد کریں کہ قوم کا ہر فرد اپنی عزت نفس یعنی خودی کو برقرار رکھتے ہوئے قومی مقاصد کے حصول کےلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) جمعرات کو منایا جا رہا ہے۔ …

اسلام آباد۔ 9 نومبر(اے پی پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہم یوم اقبال کے موقع پر ایک بار پھر عہد کریں کہ قوم کا ہر فرد اپنی عزت نفس یعنی خودی کو برقرار رکھتے ہوئے قومی مقاصد کے حصول کےلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات یوم اقبال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی جو (آج) جمعرات کو منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم مصورِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کا یوم ولادت ایسے ماحول میں منا رہے ہیں جب ایک طرف سے مسائل کی یلغار ہے اور دوسری طرف امید بھرے امکانات دکھائی دے رہے ہیں، اس صورتحال کا فکر اقبال ؒ کی روشنی میں جائزہ لیا جائے تو یہی حقیقت سامنے آتی ہے کہ قوموں کی زندگی ایسے ہی نشیب و فراز سے عبارت ہوتی ہے، زندہ قومیں اس طرح کے حالات سے گھبرا کر گوشہ عافیت میں پناہ لینے کے بجائے مسائل کا مردانہ وار مقابلہ کرتی ہیں اور اپنے صادق جذبہ اور بے پناہ محنت سے چیلنجوں کو بھی بہتر امکانات میں بدلنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عہد نظریاتی افراط و تفریط، انتہاءپسندی ، معاشی عدم استحکام اور دولت کی غیر مساوی تقسیم کے باعث گوناں گوں مسائل کا شکار ہے، ان مسائل کی وجہ سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کی تعلیمات کی روشنی میں اس صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو یہ سبق ملتا ہے کہ قوم کا ہر فرد اپنے قومی مقاصد کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنی تمام تر توانائیاں ان کے حصول کےلئے صرف کر دے۔

Leave a Reply