اسلام آباد ۔ 26 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ازبکستان وسط ایشیا کا اہم ترین ملک ہے اور پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ازبکستان کے لئے نامزد سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر عرفان یوسف شامی کو …
صدر مملکت ممنون حسین کی ازبکستان کے لئے نامزد سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد ۔ 26 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ازبکستان وسط ایشیا کا اہم ترین ملک ہے اور پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ازبکستان کے لئے نامزد سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف شامی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے ڈاکٹر عرفان یوسف شامی کو ازبکستان میں سفیر تعینات ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرور ت ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ تجارتی حجم میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان زمینی راستے اور گیس پائپ لائن کی تکمیل پر توجہ دی جائے تاکہ پاکستان میں توانائی کا مسئلہ جلد حل ہو سکے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ زراعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ازبکستان کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لئے لائحہ عمل بنایا جائے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مصنوعات کو موثر طور پر پیش کرنے کے لئے ازبکستان میں ڈسپلے سینٹر بنائے جائیں تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔









