اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کو پاک ملائیشیا برادرانہ تعلقات اور پائیدار دوستی کے فروغ کے لئے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ”نشان پاکستان“ عطا کیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کو ایوان صدر میں تقسیم اعزاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان …
صدر مملکت نے ملائیشیا کے وزیراعظم کو پاک ملائیشیا برادرانہ تعلقات کے فروغ کے اعتراف میں ”نشان پاکستان“ عطا کیا

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کو پاک ملائیشیا برادرانہ تعلقات اور پائیدار دوستی کے فروغ کے لئے ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ”نشان پاکستان“ عطا کیا ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کو ایوان صدر میں تقسیم اعزاز کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ ملائیشیا کے وزیراعظم صدر مملکت اور وزیراعظم کے ہمراہ تقریباتی ہال میں پہنچے تو دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر پڑھے گئے کلمات تحسین میں کہا گیا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد جدید ملائیشیا کے معمار اور اعلیٰ پائے کے مدبر ہیں، ملائیشیا کو زرعی معیشت سے صنعتی طاقت بنانے، دور رس اصلاحات متعارف کرانے، بدعنوانی کے خاتمہ سمیت مختلف شعبوں میں اٹھائے جانے والے ٹھوس اقدامات کا سہرا ڈاکٹر مہاتیر محمد کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا، ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا، مسلم امہ میں اسلامی یکجہتی اور علاقائی امن کے فروغ میں ان کی خدمات نہایت قابل تحسین ہے، وہ پاکستان کے ایک عظیم دوست ہیں، پاک ملائیشیا کے تعلقات، تجارتی و سرمایہ کاری، عوامی سطح پر روابط، دفاعی تعاون اور بلاشبہ باہمی سیاسی تعلقات کے فروغ میں انہوں نے گرانقدر خدمات انجام دیں، وہ ایک بلند پائے کے بصیرت انگیز رہنما ہیں۔ جس کے بعد صدر مملکت نے ملائیشیائی وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کو ”نشان پاکستان“ کا اعزاز عطا کیا۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرائ، ارکان پارلیمان، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، اعلیٰ سول و عسکری حکام کے علاوہ ملائیشیا کے وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملائیشیا کے وزیراعظم کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا۔








