صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ترک وزیر خارجہ میولٹ شاوس اوولو کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ترک وزیر خارجہ میولٹ شاوس اوولو نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ترک وزیر خارجہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے پاکستان کی نئی قیادت کیلئے تہنیتی پیغام لے کر آئے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ترکی کے صدر …

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ترک وزیر خارجہ میولٹ شاوس اوولو نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ترک وزیر خارجہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے پاکستان کی نئی قیادت کیلئے تہنیتی پیغام لے کر آئے ہیں۔ ترک وزیر خارجہ نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کو صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ترکی کے صدر اور عوام کی طرف سے پاکستان کی نئی منتخب حکومت کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک پارٹنر شپ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے مزید فروغ دینے کی توقع کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنی قیادت کی طرف سے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ترکی کے دورہ کی دعوت دی۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے صدر رجب طیب اردوان کو حالیہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات منفرد اور مشترکہ اقدار، تاریخ اور بہت سے معاملات پر مشترکہ خیالات اور یکساں دلچسپیوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں پاکستان اور ترکی کے مابین بالخصوص تجارت کے شعبہ میں قریبی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ صدر رجب طیب اردوان جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔