صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ایوان صدر میں وائس چانسلرزکے اجلاس کی صدارت کے دوران اظہارخیال

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کے حوالے سے جامعات کا اہم کردار ہے جس سے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی، جامعات میں بہتر گورننس اور تحقیق پر مبنی معیاری تعلیم بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے بنیادی تقاضے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو ایوان …

اسلام آباد ۔ 17 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انسانی وسائل کی ترقی کے حوالے سے جامعات کا اہم کردار ہے جس سے ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی، جامعات میں بہتر گورننس اور تحقیق پر مبنی معیاری تعلیم بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ مقام حاصل کرنے کے بنیادی تقاضے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو ایوان صدر میں یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز/سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے جامعات کو ہدایت کی کہ طالب علموں پر مرکوز اقدامات کو صحیح خطوط پر استوار کرتے ہوئے انہیں وسعت دے تاکہ طالب علموں کو تدریسی کے علاوہ کیریئر کونسلنگ، ایلومینائی کی سہولیات اور شفاف داخلوں کے بارے میں معلومات میسر آئیں۔ صدر نے تدریسی تحقیق اور عوامی پالیسی سازی کے عمل کے درمیان تعلق پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی صنعت جامعات کے اشتراک کار کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم اور صنعت کے درمیان رابطے کا فقدان ہے، جامعات اور صنعت کا قومی اور بین الاقوامی سطح پر مضبوط تعلق استوار کرنا ضروری ہے۔ صدر نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کے حوالے سے انٹرنیٹ، روبوٹس، ورچوئل ریئلٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے رجحانات سے طرز زندگی اور امور کار میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹ، صحافت، میزبانی، ماحولیات اور جنگلات جیسے شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔ صدر نے ہدایت کی کہ نصاب کا جائزہ لینے اور مختلف ڈگریوں کے تدریسی دورانیہ پر کام کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، اس کمیٹی کو اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں معیارات کا جائزہ لینا چاہیے۔ انہوں نے وسیع تر اوپن آن لائن کورسز کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر زور دیا۔ صدر نے جامعات پر زور دیا کہ وہ ڈبل انٹری اکائونٹنگ سسٹم کو اختیار کرنے کی تعلیم دینے کی استعداد پیدا کریں۔ انہوں نے وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانی جامعات اور شہرت یافتہ غیر ملکی یونیورسٹیوں کے درمیان اشتراک کار کو فروغ دیں تاکہ ایک دوسرے سے تجربے سے استفادہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلرز طالب علموں کو چوتھے صنعتی انقلاب کے تقاضوںکو پیش نظر رکھتے ہوئے تیار کریں۔ صدر نے تعلیمی شعبے میں باصلاحیت منتظمین اور ماہرین تعلیم کو شریک عمل کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری بھی موجود تھے۔

Leave a Reply