صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

راولپنڈی۔ 16 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی قوم کورونا وائرس کی وباءکی آزمائش سے سرخرو ہو کر ابھرے گی، حکومت کی متوازن حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے میں مدد ملی ہے جبکہ ملکی معیشت کے بعض اہم شعبوں کو کھولنے سے لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے، عوام موجودہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے …

راولپنڈی۔ 16 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی قوم کورونا وائرس کی وباءکی آزمائش سے سرخرو ہو کر ابھرے گی، حکومت کی متوازن حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے میں مدد ملی ہے جبکہ ملکی معیشت کے بعض اہم شعبوں کو کھولنے سے لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے، عوام موجودہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے ڈسپلن کا مظاہرہ کریں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں راولپنڈی سٹیشن پر ریلوے کے قلیوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پاکستان بیت المال نے کیا تھا۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد، معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس اور کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف عمیر حسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان بیت المال کے تعاون سے تمام بنیادی اشیائے خوردو نوش پر مبنی راشن کے ڈبے مخیر حضرات اور پاکستان آرمی نے فراہم کئے تھے۔ صدر مملکت نے غریب اور محنت کش طبقہ کے لئے رمضان ریلیف پیکج کا اہتمام کرنے پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ نیک کاموں کی تشہیر سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی اور انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے لئے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں کار خیر کی ایک تاریخ ہے۔ موجودہ حکومت احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں تک امداد پہنچا رہی ہے۔ اس طرح یہ امداد 7 سے 8 کروڑ لوگوں تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسائل کم ہیں۔ پچھلے بیس تیس سال میں ملک کی ترقی کے لئے کام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مسائل بڑھے ہیں تاہم حکومت ان مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ یہ اقوام کے لئے آزمائش کا وقت ہے تاہم مجھے یقین ہے کہ ہماری قوم اس مشکل وقت سے ابھر کر نکلے گی ہمارے ایک تاریخ ہے، ہم نے افغان مہاجرین کی کھلے دل سے میزبانی کی ۔ اس طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی طویل جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی۔ ہمارا ایمان ہے کہ اللہ ہمیں اس آزمائش سے بھی نکالے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کی صورتحال میں موجودہ حکومت اور وزیر اعظم عمران خان کی حکمت عملی توازن پر مبنی ہے۔ کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کے ساتھ ساتھ معیشت اور معاشرے کے غریب طبقات کو بھی سہارا دینے کے لئے اقدامات کی اشد ضرورت تھی لہذا اس حوالے سے وزیراعظم درست فیصلہ کیا ہے اور بعض ضروری شعبوں کو کھولا ہے جس سے احتیاط کے ذریعے جہاں کورونا کی روک تھام ہو سکے گی۔ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی کھیلں گے۔انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی پر عملدرآمد کی وجہ سے کورونا کے پھیلاﺅ کے حوالے سے جو خدشات ظاہر کئے جا رہے تھے ان کے مقابلے میں کورونا کے کیسز کی مقدار کم ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں علمائے کرام نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تراویح کے اجتماعات کے حوالے سے علمائے کرام کے ساتھ مشاورت کے بعد 18 اپریل کو فیصلہ کیا جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ کورونا سے بچاﺅ کے لئے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلہ میں صفائی ستھرائی اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر جاری رکھیں۔ ہمیں بھروسہ ہے کہ ہم اس چیلنج سے نبردآزما ہو سکتے ہیں۔ تمہاری قوم میں تمام صلاحتیں موجود ہیں جوہرقسم کی آزمائش کامقابلہ کر سکتی ہے۔ کورونا کی وباءسے نمٹنے کے بعد مجھے یقین ہے کہ ہماری قوم پہلے سے مضبوط اور خوشحال قوم بن کر ابھرے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اللہ سے معافی مانگے اور اس وباءسے نکلنے کے لئے ڈسپلن کا مظاہرہ کرے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریلویز کو ترقی دینے کے لئے وفاقی ویزر شیخ رشید کے کام اور کوششوں کی تعریف کرتے ہیں اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔صدر مملکت نے اس سے قبل ازیں قرنطینہ سہولت میں تبدیل کی جانے والی ٹرین کا بھی معائنہ کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے سٹیشنوں پر قلیوں کے کردار کو سراہا اور ایم ڈی بیت المال اور آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ریلوے قلیوں کے لئے 3ہزار راشن بیگ عطیہ کئے۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ میں تبدیل کی جانے والی ٹرین کا افتتاح جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے 7 ہسپتال بھی ضرورت پر دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے نے لاک ڈاﺅن کے اعلان سے قبل 2 لاکھ 65 ہزار مسافروں کو اپنی منازل تک پہنچایا تاکہ لوگو ںکو اس قسم کی دشواری نہ ہوئی جس طرح بھارت میں پیش آئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ پوری دنیا کو آزمائش کا سامنا ہے لیکن ہماری قوم حکومت کی ہر ممکنہ مدد سے اس آزمائش میں سرخرو ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کی مدد کے لئے شروع کیا گیا ہے جبکہ آئندہ ہفتے راشن تقسیم کرنے کی سکیم بھی شروع کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ احساس پروگرام کے اہم جزو کی حیثیت سے پاکستان بیت المال معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کے لئے حکومت کی معاونت میں فعال کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کابینہ اجلاسوں میں غریب لوگوں کے لئے آواز بلند کرنے اور مختلف تجاویز پیش کرنے پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی تعریف کی ۔ اس موقع پر ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر حکومت معاشرے کے کمزور ترین طبقات کو سہولت فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ورکرز کو بھی موجودہ صورتحال کے باعث معاشی مشکلات کا سامنا ہے لہٰذا پاکستان بیت المال نے ملک بھر میں راشن بیگ تقیسم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان بیت المال خواجہ سراﺅں، اخباری ہاکرز اور ٹرانسپورٹ ورکرز کی بھی مدد کر رہی ہے۔

مزید خبریں