اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سری لنکا کیلئے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک نے ملاقات کی۔ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور فاشسٹ بھارتی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے ساتھ کئے گئے سلوک …
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی سری لنکا کیلئے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک سے ملاقات میں گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 11 دسمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سری لنکا کیلئے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک نے ملاقات کی۔ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور فاشسٹ بھارتی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے ساتھ کئے گئے سلوک کی پرزور مذمت کرتے ہیں، بھارتی حکومت نے شہریت کا متنازعہ بل 2019ء لوک سبھا سے گزشتہ روز پاس کروایا جس سے اقلیتوں کے ساتھ کئے جانے والے ناروا بھارتی حکومت کے سلوک کی عکاسی ہوتی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے ہدایت کی کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے تناظر میں پاکستان کے بیرون ملک تعینات تمام ہائی کمشنر اور سفیروں کو مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو اعتماد اور باہمی سوجھ بوجھ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے باہمی تعلقات کی عکاسی دونوں ممالک کی قیادت کے باہمی رابطوں سے ہوتی ہے تاہم پاکستان اور سری لنکا کی موجودہ دوطرفہ تجارت اس کی استعداد سے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں باہمی تجارت کی حقیقی استعداد سے استفادہ کے لئے اپنی کوششوں میں اضافہ کرنا ہو گا۔ صدر مملکت نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے کامیاب دورہ پاکستان پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 2009ء کے بعد پاکستان میں پہلی انٹرنیشنل ٹیسٹ سیریز منعقد ہو رہی ہے جس سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہوئی ہے۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ ہم سری لنکا کے طلباء کو سکالرشپس کی فراہمی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے قدیم بدھ مت تہذیب اور ورثہ کے بارے میں خصوصی طور پر کہا کہ پاکستان قدیم تہذیبوں کا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سال باقاعدگی سے وساکھ فیسٹیول کا انعقاد کرتا ہے جس میں بڑی تعداد میں سری لنکا کے بدھ بھکشو اور تعلیمی شعبہ سے وابستہ افراد کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ انہوں نے نامزد ہائی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے کام کریں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی تا کولمبو اور لاہور تا کولمبو فضائی سروس کی فراہمی کے لئے سری لنکا کی ایئر لائن کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تجارت، سفری سیاحت اور عوام کے عوام سے رابطوں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نامزد ہائی کمشنر کی سری لنکا میں تعیناتی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔








