صدر مملکت کا مزار قائد اعظم پر انسداد ٹی بی کی قومی مہم کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب

کراچی۔ 19 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تپ دق کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی اپنی ذمہ داری پوری کریں، اس سلسلے میں انڈس ہسپتال نے اچھی مثال قائم کی ہے جس کی پیروی کی جانی چاہئے۔صدر مملکت نے یہ بات ہفتے کے روز مزار قائد اعظم پر انسداد ٹی بی کی قومی مہم کے افتتاح کے …

کراچی۔ 19 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تپ دق کے خاتمے کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ نجی ادارے بھی اپنی ذمہ داری پوری کریں، اس سلسلے میں انڈس ہسپتال نے اچھی مثال قائم کی ہے جس کی پیروی کی جانی چاہئے۔صدر مملکت نے یہ بات ہفتے کے روز مزار قائد اعظم پر انسداد ٹی بی کی قومی مہم کے افتتاح کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر انڈس ہسپتال کے روح رواں ڈاکٹر عبدالباری خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گورنر سندھ محمد زبیر بھی تقریب میں موجود تھے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے عالمی فنڈ کے ذریعے ملنے والے دس دس موبائل یونٹس کا بھی افتتاح کیا جن میں ایکسرے سمیت ٹی بی کی تشخیص کی پوری لیباریٹری کی سہولت دستیاب ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ عوام کو متعدی امراض سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں حفظان صحت کے اصولوں سے روشناس کرایا جائے۔ اس مقصد کے لیے ٹی بی مٹاو پروگرام کے رضا کار اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ زندہ معاشروں کی یہ خوبی ہے کہ قومی ذمہ داریوں کی بجا آوری میں پیش پیش رہتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ٹی بی مٹاو مہم کے ذریعے کراچی سے بہت جلد ٹی بی کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ اس کے بعد ملک کے دیگر حصوں میں بھی یہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مزار قائد اعظم سے اہم قومی مہم کی ابتدا اس بات کی علامت ہے کہ یہ مہم بھی قائد اعظم کے عزم صمیم کی پیروی کرتے ہوئے اپنے مقاصد حاصل کرے گی۔ صدر مملکت کے خطاب سے قبل ٹی بی مٹاو مہم کے برانڈ ایمبیسیڈر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور اسکولوں کی بچیوں نے حاضرین سے ٹی بی کے خاتمے کے لیے چلائی جانے والی مہم میں بھرپور تعاون کا عہد لیا۔

Leave a Reply