ماسکو۔4نومبر (اے پی پی):روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک قانون پر دستخط کر دیے ہیں جس میں (سی ٹی بی ٹی ) یعنی دھماکہ خیز جوہری تجربات پر جامع پابندی کے معاہدے کی روس کی جانب سے توثیق منسوخ کر دی گئی ہے۔ جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ ماہ ملکی پارلیمان نے روس کی جانب سے توثیق کو کالعدم قرار دینے کے حق میں ووٹ دیا تھا جو …
صدر پیوٹن نے جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے کی روسی توثیق منسوخ کر دی

مزید خبریں
ماسکو۔4نومبر (اے پی پی):روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک قانون پر دستخط کر دیے ہیں جس میں (سی ٹی بی ٹی ) یعنی دھماکہ خیز جوہری تجربات پر جامع پابندی کے معاہدے کی روس کی جانب سے توثیق منسوخ کر دی گئی ہے۔
جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ ماہ ملکی پارلیمان نے روس کی جانب سے توثیق کو کالعدم قرار دینے کے حق میں ووٹ دیا تھا جو قبل ازاں صدر پیوٹن کی جانب سے اس سلسلے میں دیے گئے ایک بیان کے عین مطابق تھا۔ روس نے سنہ 2000 میں سی ٹی بی ٹی کی توثیق کی تھی۔روس نے امریکا کے ساتھ توازن برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تھا جس نے اس معاہدے کی توثیق نہیں کی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر امریکہ نے جوہری تجربات کرنے کی کوشش کی تو روس کو جوابی اقدامات کرنا ہوں گے۔پیوٹن انتظامیہ نے بارہا مغربی ممالک کو خبردار کیا تھا کہ روسی فوج کو اپنی جوہری صلاحیتوں کو استعمال کرنے کی اجازت دینے میں کسی پس و پیش سے کام نہیں لیا جائے گا۔ پیوٹن انتظامیہ نے توثیق منسوخ کر کے اب عندیہ دے دیا ہے کہ وہ جوہری تجربات بھی دوبارہ شروع کر سکتی ہے۔








