صنعتی اور زرعی شعبوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی ، فی یونٹ قیمت 38 سے کم کرکے 22 روپے 98 پیسے کر دی گئی

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):حکومت نے صنعتی اور زرعی شعبوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی ہے تاکہ کاروبار کرنے کی لاگت کم ہو اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکے۔منگل کو ترجمان وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے ٹیرف ڈھانچے کے تحت زرعی صارفین کے لیے اضافی استعمال شدہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 38 روپے سے کم کرکے 22 روپے 98 …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):حکومت نے صنعتی اور زرعی شعبوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی ہے تاکہ کاروبار کرنے کی لاگت کم ہو اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو سکے۔منگل کو ترجمان وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے ٹیرف ڈھانچے کے تحت زرعی صارفین کے لیے اضافی استعمال شدہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 38 روپے سے کم کرکے 22 روپے 98 پیسے کر دی گئی ہےجبکہ صنعتی شعبے کے لیے بھی نرخ 34 روپے سے کم کرکے 22 روپے 98پیسے فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔

یہ اہم ریلیف اقدامات دونوں شعبوں کے صارفین کے لیے بجلی کی اوسط لاگت میں نمایاں کمی کا باعث بنیں گے۔نئے ٹیرف کے مطابق زرعی صارفین جو اضافی 100 یونٹ استعمال کرتے ہیں ان کی اوسط بجلی لاگت میں تقریباً 7 روپے فی یونٹ کمی آئے گی۔

اسی طرح صنعتی صارفین کے لیےجو اضافی 1,000 یونٹس استعمال کرتے ہیں اوسط لاگت میں تقریباً 5 روپے فی یونٹ کی کمی متوقع ہے۔حکومت اس سے قبل بھی صنعتی شعبے کے لیے متعدد ٹیرف میں کمی کر چکی ہے اور یہ تازہ کمی صنعتی پیداوار میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔

یہ اقدامات حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ بجلی کے نرخوں کو زیادہ سستا اور ترقی دوست بنایا جائے۔وفاقی حکومت کو یقین ہے کہ یہ اقدام ملکی معیشت کی بحالی میں مثبت کردار ادا کرے گا اور معیشت کے اہم پیداواری شعبوں کو خاطر خواہ ریلیف فراہم کرے گا۔