صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک کی زیر صدارت گندم کی کاشت سے متعلق ضلعی جائزہ اجلاس

لاہور۔13نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت یہاں زراعت ہائوس میں گندم کی کاشت سے متعلق ڈویژنل سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں گندم کی کاشت کے اہداف اور مختلف ڈویژنوں میں ان کے حصول کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ …

لاہور۔13نومبر (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت یہاں زراعت ہائوس میں گندم کی کاشت سے متعلق ڈویژنل سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں گندم کی کاشت کے اہداف اور مختلف ڈویژنوں میں ان کے حصول کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ پنجاب میں گندم کی کاشت کے لیے 1 کروڑ 65 لاکھ ایکڑ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے تحت اب تک 70لاکھ91ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت مکمل ہو چکی ہے۔

اجلاس کے دوران سرگودھا، ساہیوال، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژنوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ سرگودھا ڈویژن کا ہدف 17لاکھ40 ہزار ایکڑ مقرر ہے جس میں سے اب تک 6لاکھ33 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جا چکی ہے جبکہ ساہیوال ڈویژن میں 9لاکھ 20ہزار ایکڑ رقبہ کے ہدف کے مقابلے میں 4لاکھ 16 ہزار ایکڑ پر کاشت مکمل ہو گئی ہے، ملتان ڈویژن میں 18لاکھ20 ہزار ایکڑ کے ہدف کے مقابلے میں 6لاکھ30 ہزار ایکڑ، ڈی جی خان ڈویژن میں 22لاکھ94ہزار ایکڑ کے ہدف کے مقابلے میں 11لاکھ41ہزار ایکڑ اور بہاولپور ڈویژن میں 26لاکھ11ہزار ایکڑ ہدف کے مقابلے میں 8لاکھ28 ہزار ایکڑ رقبہ پر کاشت مکمل ہو چکی ہے۔

اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب گندم کی کاشت اور پیداوار میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعلی پنجاب کی جانب سے کاشتکاروں کیلئے اربوں روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا گیا ہے جس کا مقصد کسانوں کو جدید زرعی سہولتیں فراہم کرنا اور انہیں ہر ممکن سہارا دینا ہے، گندم کی 25ایکڑ سے زائد رقبے پر کاشت کرنے والے کاشتکاروںکیلئے 1000ٹریکٹرز اور 12.5سے 25ایکڑ کے کاشتکاروں کیلئے 1000لیزر لینڈ لیولرز بذریعہ قرعہ اندازی فراہم کئے جائیں گے، وزیر اعلی پنجاب کے اس خصوصی پیکج سے متعلق کاشتکاروں کو بھرپور آگاہی فراہم کی جائے،اس کے علاوہ وزیر اعلی پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ سرکاری رقبوں پر لازمی گندم کاشت کی جائے، امسال 1سے 12.5ایکڑ تک گندم کاشت کرنے والے کسانوں کے لیے بلا سود قرض کی سہولت کسان کارڈ کے ذریعے دی جارہی ہے تاکہ زرعی مداخل کی خریداری میں مدد مل سکے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے گندم کی کاشت سے متعلق میگا فارمر گیدرنگ کے موقع پر منتخب قومی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو مدعو کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے صوبائی اور ڈویژنل سطح پر پیداوار کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ سرگرمیوں میں بھی مزید تیزی لائی جائے،امسال گندم کی کاشت کیلئے منظور شدہ بیج کی قیمت گزشتہ سال کی نسبت قریبا 2 ہزار روپے کم ہے

،اس کے علاوہ کھادیں کنٹرول ریٹ پر وافر مقدار میں دستیاب ہیںجس سے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان اور ڈائریکٹر جنرلز زراعت چوہدری عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں اور ڈاکٹر عبدالقیوم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ سرگودھا،ساہیوال،ڈی جی خان،ملتان اور بہاولپور کے ڈائریکٹرز زراعت توسیع نے آن لائن شرکت کی۔

مزید خبریں