صوبائ حکومت تیراہ آئی ڈی پیز کی طرح کرم اور دیگر علاقوں کے متاثرین کے لئے بھی جامع امدادی پیکج کا اعلان کرے،گورنر خیبر پختونخوا

پشاور۔ 21 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختو نخوا کی جانب سے تیراہ آئی ڈی پیز کے لیے امدادی پیکج کا اعلان خوش آئند اقدام ہےتاہم کرم اور دیگر علاقوں کے متاثرہ آئی ڈی پیز کے لیے بھی فوری طور پر جامع امدادی پیکج کا اعلان کریں ۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق رکن …

پشاور۔ 21 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختو نخوا کی جانب سے تیراہ آئی ڈی پیز کے لیے امدادی پیکج کا اعلان خوش آئند اقدام ہےتاہم کرم اور دیگر علاقوں کے متاثرہ آئی ڈی پیز کے لیے بھی فوری طور پر جامع امدادی پیکج کا اعلان کریں ۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق رکن قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما ساجدحسین طوری سے گفتگو کے دوران کیا، جنہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں ان سےملاقات کی۔ ملاقات میں کرم کے بے گھر افراد (آئی ڈی پیز) کی صورتحال، امدادی اقدامات اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنرخیبر پختو نخوا نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہلالِ احمر کے تعاون سے آئی ڈی پیز کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہلالِ احمر کے نیشنل ہیڈکوارٹر سے مزید امدادی سامان خیبر پختو نخوا منتقل کیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاندانوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ملاقات میں کرم میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر ساجد حسین طوری نے ہلالِ احمر کی جانب سے فراہم کیے گئے امدادی پیکجز پرگورنر خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی متاثرہ افراد کے لیے امدادی سرگرمیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔ ملاقات کے دوران پارٹی کے تنظیمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔سید ساجد حسین طوری نے گورنر خیبرپختونخوا کو پاڑہ چنار کے دورہ کی بھی دعوت دی۔