صوبہ خیبرپختونخوا کو اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی حسن اور سیاحتی مقامات سے نوازا ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کو اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی حسن اور سیاحتی مقامات سے نوازا ہے، ان مقامات میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے صوبے میں سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صوابی میں کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لئے ہونے والے جائزہ اجلاس …

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کو اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی حسن اور سیاحتی مقامات سے نوازا ہے، ان مقامات میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سے صوبے میں سیاحت کو فروغ حاصل ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو صوابی میں کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لئے ہونے والے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا، منیجنگ ڈائریکٹر سیاحت کے پی کے اور ڈپٹی کمشنر صوابی سمیت متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ سپیکر نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اور منیجنگ ڈائریکٹر سیاحت (کے پی کے) کو صوابی میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے کے لئے کھیلوں کے میدان اور سیاحتی مقامات کی تعمیر و ترقی کے لئے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے معاشی شعبہ میں تیزی آئے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے مقامی افراد کا معیار زندگی بلند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صوابی کے نوجوانوں نے کھیل کے میدان میں ہمیشہ ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے لئے سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ اجلاس میں شریک ڈائریکٹر جنرل سپورٹس، منیجنگ ڈائریکٹر سیاحت (کے پی کے) اور ڈپٹی کمشنر صوابی نے صوبے میں سیاحتی مقامات کی ترقی اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق جاری منصوبوں کے بارے میں سپیکر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کی آبادی کا بڑا حصہ سیاحت کے شعبہ سے وابستہ ہے، اس شعبہ کی صوبائی سطح پر ترقی کے لئے تمام تر وسائل کو بروکار لایا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر صوابی نے سپیکر کو صوابی میں ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام پر ہونے والی پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق سپیکر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوابی میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں حصہ بننے کے لئے کھیل کے میدانوں سمیت دیگر تفریحی مقامات پر انفراسٹرکچر کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں