صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار ، تجارت کی روک تھام کیلئے کارروائی جاری
صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار ، تجارت کی روک تھام کیلئے کارروائی جاری

مزید خبریں
لاہور۔4مئی (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اورسیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی کی ہدایت پر محکمہ چیف وائلڈلائف رینجر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیرقیادت صوبہ میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیرقانونی شکار ، تجارت اور پکڑ دھکڑ کی روک تھام کیلئے بھرپور سرگرم عمل ہے۔
ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کیمطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجرضلع چکوال مرزا عابد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دو مختلف کامیا ب کارروائیوں کے دوران جنگلی سور اور لیپرڈ جیکو کے غیرقانونی شکار میں ملوث 3شکاریوںکو گرفتار کرکے ان سے ایک زندہ لیپرڈ جیکو برآمد کرلی اور اسے قدرتی ماحول میں آزاد کردیا جبکہ تینوں شکاریوں کو مبلغ ایک لاکھ 60ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹادئیے ۔
اسی طرح ایک دیگر کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر منڈی بہائوالدین سید عثمان الحسن نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایک شخص کو گرفتار کرکے اس کے غیرقانونی قبضہ سے کالا تیتر برآمد کرکے قدرتی ماحول میں چھوڑ دیا جبکہ ملزم کو 10ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا ایسی ہی دو مزید کامیاب کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر بہاولپور طارق عباس کھوسہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جنگلی پرندوں کے ایک غیرقانونی شکاری کو گرفتار کرکے مبلغ 35ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد جرمانہ کیا جبکہ ایک دیگر کارروائی کے دوران ایک غیرقانونی شکاری ذبح شدہ پرندہ اور ایک موٹر سائیکل جنگل میں چھوڑ کر فرار ہوگیا جس کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے ۔








