ساہیوال۔ 18 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ صوفیائے کرام نے انسانیت کو محبت، رواداری اور برداشت کا درس دیا، آج دنیا کو روحانی سکون ومعاشرتی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے صوفی تعلیمات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وہ انٹرنیشنل خدمت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام …
صوفیائے کرام نے انسانیت کو محبت، رواداری اور برداشت کا درس دیا، وفاقی وزیرپیر سید عمران احمد شاہ

مزید خبریں
ساہیوال۔ 18 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ صوفیائے کرام نے انسانیت کو محبت، رواداری اور برداشت کا درس دیا، آج دنیا کو روحانی سکون ومعاشرتی ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے، جس کے لیے صوفی تعلیمات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وہ انٹرنیشنل خدمت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام مسلم ہینڈز انٹرنیشنل نے دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کی اسلامی خدمات کے 100 سال مکمل ہونے پر کیا۔
کانفرنس میں چیئرمین مسلم ہینڈز انٹرنیشنل پیر سید لخت حسنین، سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب حسین نعیمی، ترکی سے غالب الحسینی، پیر محمد امین الحسنات شاہ بھیرہ شریف، جمیل الرحمٰن چشتی، مفتی رمضان سیالوی، مہر کاشف یونس سمیت ملکی و غیر ملکی مشائخ، مذہبی سکالرز اور صوفی شخصیات نے شرکت کی۔
خانقاہی نظام کے حوالہ سے وفاقی وزیر نے کہا کہ خانقاہیں صدیوں تک صرف ذکر و فکر کے مراکز نہیں رہیں بلکہ سماجی خدمت اور عوامی بھلائی کا مرکز بھی رہی ہیں، جہاں امیر و غریب اور عالم و عام افراد کو یکساں عزت دی جاتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ صوفیاء نے تعلیم، صحت، امن، غریب پروری اور اخلاقی قیادت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور تحریک پاکستان میں نظریاتی و عملی کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اصل پہچان صوفیاء کے امن و محبت پر مبنی پیغام سے جڑی ہے، جسے دنیا بھر میں اجاگر کرنا ہوگا، نئی نسل کو صوفیاء کی تعلیمات سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں خدمت، تحمل اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکے۔
کانفرنس کے دوران ترکی کے معروف صوفی سکالر شیخ السید عبدالباقی الحسینی کی تصنیف ’’تصوف کا روشن راستہ، قرآن و سنت کی روشنی میں‘‘ کا اردو ترجمہ متعارف کرایا گیا، جسے ڈاکٹر نعیم الدین الازہری نے انجام دیا۔کتاب میں تصوف کی تعریف، شرعی بنیاد، بیعت، ذکر، مرشد کامل کے آداب اور خانقاہی نظام جیسے موضوعات کو قرآن و سنت کی روشنی میں مدلل انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
کانفرنس سے چیئرمین مسلم ہینڈز انٹرنیشنل پیر سید لخت حسنین، سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب حسین نعیمی ، پیر محمد امین الحسنات شاہ بھیرہ شریف،ترکی سے غالب الحسینی، پروفیسر ڈاکٹر بلند و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کی شناخت کو صوفیاء کے امن و محبت کے پیغام سے جوڑنے اور نئی نسل کو اس پیغام سے روشناس کرانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔








