ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں جاری مختلف انتظامی امور، ماہانہ و ہفتہ وار پیش رفت رپورٹس، سرکاری امور کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اقدامات کاجائزہ لیا گیا
ضلعی انتظامیہ سے متعلق تمام امور میں شفافیت بروقت کارروائی اور مؤثر مانیٹرنگ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، ڈپٹی کمشنر نصیرآباد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نصیرآباد وریندر لعل کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں جاری مختلف انتظامی امور، ماہانہ و ہفتہ وار پیش رفت رپورٹس، سرکاری امور کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اقدامات کاجائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں متعلقہ افسران اور ذمہ دار اہلکاروں نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں سے متعلق پیش رفت، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران مختلف سرکاری و انتظامی پورٹلز پر موجود امور اور ان کے اسٹیٹس کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پرائس کنٹرول، کھلی کچہری پورٹل، عدالتی کیسز، بازاروں میں تجاوزات، زیرِ التوا سرکاری خطوط، عوامی شکایات، مختلف محکموں سے متعلق رپورٹس اور دیگر اہم انتظامی معاملات پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران سے ہر معاملے کی موجودہ صورتحال پیش رفت کی رفتار اور زیرِ التوا امور کی وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام سرکاری امور کو مقررہ مدت اور ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے، جبکہ زیرِ التوا معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹاتے ہوئے ان کی پیش رفت سے متعلق رپورٹس باقاعدگی سے پیش کی جائیں۔
اس موقع پر مختلف انتظامی امور کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وریندر لعل نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی نوعیت کے معاملات، شکایات اور درخواستوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سے متعلق تمام امور میں شفافیت، ذمہ داری، بروقت کارروائی اور مؤثر مانیٹرنگ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، اس لیے کسی بھی معاملے میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے بازاروں میں تجاوزات کے خاتمے اور انتظامی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں۔ اسی طرح عدالتی کیسز، سرکاری خطوط اور پورٹلز پر زیرِ التوا امور کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے تاکہ مقررہ وقت کے اندر تمام معاملات کو نمٹایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ ہفتہ وار اور ماہانہ پیش رفت رپورٹس میں تمام متعلقہ امور کی درست اور مکمل صورتحال درج کی جائے اور کسی بھی زیرِ التوا معاملے کی نشاندہی کے ساتھ اس کی تکمیل کے لیے واضح ٹائم لائن بھی مقرر کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ مؤثر نگرانی، باقاعدہ مانیٹرنگ اور بروقت رپورٹنگ کے ذریعے ضلعی انتظامی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، جس کا براہِ راست فائدہ عوام کو بہتر اور بروقت سرکاری سہولیات کی فراہمی کی صورت میں حاصل ہوگا ۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اجلاس میں دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور آئندہ اجلاس میں تمام زیرِ بحث امور کی عملی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔







