معروف اسلامی سکالر اور چیئرمین علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ جنگ کے خاتمے اور امن مذاکرات کی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ کرے۔
طاہر محمود اشرفی کا ایران۔امریکہ مذاکرات کی پیشرفت پر امید کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):معروف اسلامی سکالر اور چیئرمین علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے دنیا پر زور دیا کہ جنگ کے خاتمے اور امن مذاکرات کی کامیابی کی دعا کرتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ کرے۔ پاکستانی قیادت کی کوششوں سے منعقد ہونے والے ایران امریکہ مذاکرات سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فریقین کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت کی امید کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فر یقین کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان کا کردار اس کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت اور عالمی سطح پر اس کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام متضاد قوتوں کے درمیان مفاہمت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، تنازعات کی بجائے بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ انہوں نے نہ صرف اسلامی ممالک کے درمیان بلکہ وسیع تر بین الاقوامی سطح پر کشیدگی کو کم کرنے میں بھی پاکستان کے نمایاں کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی توجہ اب پاکستان کی تعمیری مصروفیات پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان نے دونوں فریقوں کو ایک دوسرے کے قریب لا کر ایک مشکل لیکن اہم اقدام کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے ۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات کے کامیاب نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی پیشرفت نہ صرف متعلقہ فریقوں کو فائدہ دے گی بلکہ علاقائی استحکام، پاکستان کی معیشت اور پڑوسی اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات میں بھی مثبت کردار ادا کرے گی۔ اپنی گفتگو کے کے اختتام پحافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپیل کی کہ کامیاب مذاکرات اور دیرپا امن کے لیے دعا کریں تاکہ دنیا بھر میں ہم آہنگی اور استحکام کو یقینی بنا یا جا سکے۔








