عازمینِ حج اذان سے آدھا گھنٹہ قبل حرم پہنچنا یقینی بنائیں، شٹل سروس کی بندش سے متعلق اہم ہدایات جاری
عازمینِ حج اذان سے آدھا گھنٹہ قبل حرم پہنچنا یقینی بنائیں، شٹل سروس کی بندش سے متعلق اہم ہدایات جاری
مکہ مکرمہ۔1مئی (اے پی پی):پاکستان حج مشن نے العزیزیہ(مکہ) میں مقیم عازمینِ حج کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام عازمین خانہ کعبہ میں نمازوں کی باجماعت ادائیگی کے لیے اذان سے کم از کم آدھا گھنٹہ قبل اپنی آمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ پاکستان حج مشن کے مطابق ٹریفک کی روانی اور رش کو کنٹرول کرنے کے لیے ہر نماز کی اذان سے 30 منٹ پہلے شٹل سروس مکمل طور پر بند کر دی جاتی ہے، لہٰذا عازمین اپنی رہائشی عمارتوں سے وقت سے پہلے روانہ ہوں تاکہ کسی بھی قسم کی زحمت سے بچا جا سکے۔
حج مشن نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سہولت کے لیے ہر نماز کی اذان سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے بسوں کے ذریعے حرم کے لیے روانہ ہو جائیں۔ یہ اقدام اس لیے ضروری ہے تاکہ شٹل سروس کی بندش سے قبل تمام عازمین باآسانی مسجد الحرام کے احاطے میں پہنچ کر اپنی صفوں کو ترتیب دے سکیں اور سکون کے ساتھ عبادت کر سکیں۔عازمین سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ نماز کی ادائیگی کے فوری بعد واپسی کے لیے جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں۔
نماز مکمل کرنے کے بعد کچھ دیر تک حرم شریف میں ہی قیام کریں اور تقریباً 30 منٹ گزرنے کے بعد واپسی کے لیے تشریف لائیں۔ اس طرح بسوں پر ایک دم بڑھنے والے رش میں کمی آئے گی اور عازمین، خصوصاً بزرگ اور بیمار افراد، بغیر کسی پریشانی کے آرام سے اپنی رہائش گاہوں تک واپس پہنچ سکیں گے۔
پاکستان حج مشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق فجر کے لیے عمارت سے نکلنے کا آخری وقت صبح 03:30، ظہر کے لیے 11:18، عصر کے لیے 02:40، مغرب کے لیے 05:45 اور عشاء کے لیے رات 07:15 مقرر کیا گیا ہے۔ تمام عازمین سے گزارش ہے کہ وہ اس شیڈول کی سختی سے پابندی کریں تاکہ ان کا یہ مقدس سفر سہل اور یادگار بن سکے۔









