خرم شہزاد اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کو مزید آسان اور وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب عازمین حج گھر بیٹھے "سعودی ویزہ بائیو ایپ" کے علاوہ ملک بھر میں قائم وزارت کے 7 ڈائریکٹوریٹس اور 6 تاشیر سینٹرز سمیت مجموعی طور پر 13 مقامات پر بائیو میٹرک کروا سکیں گے۔ یہ فیصلہ پیر کو …
عازمین حج کیلئے 13 مقامات پر بائیو میٹرک کی سہولت میسر ہوگی، 17 فروری کی ڈیڈ لائن حتمی قرار

مزید خبریں
خرم شہزاد
اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی سہولت کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کو مزید آسان اور وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب عازمین حج گھر بیٹھے "سعودی ویزہ بائیو ایپ” کے علاوہ ملک بھر میں قائم وزارت کے 7 ڈائریکٹوریٹس اور 6 تاشیر سینٹرز سمیت مجموعی طور پر 13 مقامات پر بائیو میٹرک کروا سکیں گے۔ یہ فیصلہ پیر کو یہاں وفاقی سیکرٹری وزارت مذہبی امور و بین الصوبائی ہم آہنگی ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت جاری حج آپریشن کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کا انعقاد زوم کے ذریعے کیا گیا جس میں سعودی تاشیر سینٹر، حج ڈائریکٹوریٹ، بینکوں، پنجاب آئی ٹی بورڈ ، موبائل آپریٹرز اور حج ونگ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عازمین کی سہولت کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق وزارت کے 7 ڈائریکٹوریٹس میں خصوصی "بائیو میٹرک سہولت ڈیسک” قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ عازمین کی آسانی کے لیے ملک بھر میں قائم 6 تاشیر سینٹرز کے اوقات کار صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک عازمین کو سہولت فراہم کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ بینک برانچیں بھی عازمین کو سعودی ویزہ بائیو میٹرک میں معاونت فراہم کریں گی۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ساجد محمود چوہان نے تمام سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ سعودی بائیو میٹرک سے متعلق عازمین کو موثر آگاہی اور ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔
"پاک حج ایپ” کے ذریعے بھی عازمین حج کو سعودی ویزہ بائیو میٹرک کی اہمیت اور طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔ ترجمان مذہبی امور نے واضح تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے لیے 17 فروری کی ڈیڈ لائن حتمی ہے اور اس میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔ جو عازمین ابھی تک بائیو میٹرک نہیں کروا سکے وہ پہلی فرصت میں اسے مکمل کریں کیونکہ سعودی ویزہ بائیو میٹرک کی تصدیق کے بغیر حج ویزہ کا حصول ناممکن ہوگا۔







