عازمین حج کے لیے عمر کی پابندی کا فوری نفاذ

عازمین حج کے لیے عمر کی پابندی کا فوری نفاذ

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):ہیڈکوارٹرز، پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ حکومتِ مملکتِ سعودی عرب نے حج عازمین کے لیے عمر کی پابندی فوری طور پر نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ہدایت کے مطابق 27 مئی 2026 (9 ذوالحجہ 1447ھ، یومِ عرفہ) تک 15 سال سے کم عمر کا کوئی بھی عازم حج کے لیے سعودی عرب سفر نہیں کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پابندی 24 گھنٹوں کے اندر (3 مئی 2026 سے) نافذ العمل ہوگی۔ پاکستان کے ایئرپورٹس پر تمام متعلقہ اداروں، بشمول امیگریشن حکام، کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ 15 سال سے کم عمر عازمین کو حج پروازوں میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایسے ویزے منسوخ تصور ہوں گے۔

ترجمان نے کہا کہ سعودی حکام نے آگاہ کیا ہے کہ متاثرہ عازمین اپنی حج درخواست منسوخ کر کے مکمل رقم کی واپسی حاصل کر سکتے ہیں۔ تمام ایئرلائنز اور حج آپریٹرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ اس اطلاع کو فوری طور پر عام کریں اور مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔