عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کا خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ

Antibiotics
Antibiotics

جنیوا۔2نومبر (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈاہانوم گیبریسس نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے ساتھ رابطے کے بعد خود کو قرنطینہ کریں گے۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہو ں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ ایسے افراد سے رابطے میں آئے ہیں جن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن فی الحال وہ تندرست ہیں اور ان میں وائرس سے متاثر ہونے کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں۔ ٹیڈروس نے کہا کہ وہ خود کو قرنطینہ کریں گے اور عالمی ادارہ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے گھر سے پیشہ ورانہ امور جاری رکھیں گے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر فرد صحت کے حوالے سے اہم ہدایات کی پاسداری کرے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جا سکے اور صحت کے نظام کا تحفظ کیا جا سکے۔ٹیڈروس نے یہ عزم ظاہر کیا کہ وہ ڈبلیو ایچ او کے اراکین اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر انسانی جانیں بچانا اور کمزور طبقے کا تحفظ جاری رکھیں گے۔