عالمی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لیں، کشمیریوں کے جان ومال اور حقوق کی حفاظت کے لیے جلد ٹھوس اقدامات اٹھائیں، وفاقی وزیر علی امین خان گنڈاپور کی اپیل

اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروںسے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے اور کشمیریوں کے جان ومال اور حقوق کی حفاظت کے لیے جلد ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ نہتے کشمیری …

اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروںسے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے اور کشمیریوں کے جان ومال اور حقوق کی حفاظت کے لیے جلد ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ منگل کو یہاں جاری ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ نہتے کشمیری پچھلے ستر سال سے اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بھارتی ریاستی اداروں کے ظلم وتشدد کو برداشت کررہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے اور بھارتی افواج نے پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں تمام تر عالمی انسانی حقوق کی دھجیاں اُڑائی جارہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت کے واقعات ،جعلی مقابلوں اور کشمیریوںکی املاک کو نظر آتش کرنے کے واقعا ت میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اور بھارتی ریاستی ادارے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرانے کے لیے نئے قابل مذمت ڈومیسائل قوانین سمیت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کشمیریوں نے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ہمیشہ بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیشہ بھارتی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت ہندو انتہا پسندی کے جس راستے پر چل رہا ہے اُس کے خطے کی سلامتی کے لیے بڑے خطرناک نتائج برآمد ہو ں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے اشتعال انگیز رویے کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ بھارت آج خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تنازعات میں ملوث ہے ۔انہوںنے کہا کہ بھارت آئے روز ایل او سی پر اشتعال انگیزی کو ہوا دے رہا ہے اوررواں سال اس نے ایل اوسی پر جنگ بندی معاہدے کی شدیدخلاف ورزیاں کرتے ہوئے ایل او سی کے اس پار آزادکشمیرمیں نہتے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ پاکستان بھارت کی جارحانہ کارروائیوں کا بڑا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہا ہے ۔ انہوںنے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اُسے گزشتہ سال فروری کے حالات وواقعات کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے اوراسے یہ ذہین نشین کر لینا چاہیے کہ اگر بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت ہوئی تو اُسے منہ توڑ جواب ملے گا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان تمام تر حالات میں اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا اور اُس وقت تک کشمیریوں کے حقوق کی آواز اٹھاتا رہے گا جب تک کہ اُن کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت کا حق نہیں مل جاتا۔

مزید خبریں