عالمی برادری بچوں کے لیے ایک محفوظ، منصفانہ اور مساوی دنیا بنانے کے لیے متحد ہو جائے ،اقوام متحدہ کا عالمی یومِ اطفال پر خصوصی پیغام

اقوام متحدہ ۔21نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتیریش نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دنیا بھر کے بچوں کے لیے ایک محفوظ، منصفانہ اور مساوی دنیا بنانے کے لیے متحد ہو جائے۔شنہوا کے مطابق یہ پیغام انہوں نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر اپنے ویڈیو خطاب میں دیا، جو ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بچوں کے حقوق کا …

اقوام متحدہ ۔21نومبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتیریش نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ دنیا بھر کے بچوں کے لیے ایک محفوظ، منصفانہ اور مساوی دنیا بنانے کے لیے متحد ہو جائے۔شنہوا کے مطابق یہ پیغام انہوں نے عالمی یومِ اطفال کے موقع پر اپنے ویڈیو خطاب میں دیا، جو ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بچوں کے حقوق کا کنونشن جو 36 سال قبل منظور کیا گیا دنیا کا سب سے زیادہ توثیق شدہ معاہدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک سادہ حقیقت کی تصدیق کرتا ہے جب ہم انسانیت کے سب سے کم عمر افراد کی حفاظت کرتے ہیں تو ہم ایک بہتر دنیا تشکیل دیتے ہیں۔اقوامِ متحدہ کے سربراہ کے مطابق آج بچوں کے حقوق شدید خطرات سے دوچار ہیں۔ غربت اور ہنگامی حالات ان کی تعلیم چھین رہے ہیں، موسمیاتی بگاڑ ان کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور ڈیجیٹل دنیا میں نئے خطرات جنم لے رہے ہیں۔

انتونیو گوتیریش نے افسوس ظاہر کیا کہ بہت سے بچے اپنی عمر سے کہیں زیادہ بوجھ اٹھانے پر مجبور ہیں، کہیں وہ کم عمر میں روزگار کرتے ہیں اور کہیں چھوٹے بہن بھائیوں کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھوک اور جنگ نے ہزاروں بچوں سے ان کا سب سے بنیادی حق چھین لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہر بچے کے حالات مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن ہر بچے کے یکساں حقوق ہیں، چاہے وہ کہیں بھی رہتا ہو یا کوئی بھی ہو۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بچوں کی آواز سنے اور ان کے حقوق کے لیے ان کی جدوجہد کو تقویت دے۔

ان کے مطابق آنے والی نسلوں کے مستقبل کا دارومدار اس بات پر ہے کہ ہم آج بچوں کی دیکھ بھال کیسے کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں متحد ہو کر ہر بچے کے لیے محفوظ اور مساوی دنیا تعمیر کرنا ہوگی۔اقوامِ متحدہ کے مطابق عالمی یومِ اطفال یونیسف کا ایک عالمی دن ہے، جو بچوں کی حمایت اور بچوں کی آواز بلند کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔ 20 نومبر وہ تاریخی دن ہے جب 1959 میں اقوامِ متحدہ نے اعلانِ حقوقِ طفل منظور کیا اور 1989 میں بچوں کے حقوق کا کنونشن اپنایا گیا۔

مزید خبریں