سیئول۔30دسمبر (اے پی پی):عالمی رہنماؤں کی جانب سے جنوبی کوریا کی تاریخ کے سب سے ہوالناک ہوائی جہاز کے حادثے پر افسوس کے اظہار کا سلسلہ جاری ہے۔اتوار کو جنوبی کوریا کے طیارے میں آگ لگنے سے 179 افراد ہلاک ہوگئے تھے ، جیجو ایئر کا بوئنگ 737-800 طیارہ رن وے سے پھسل کر موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوا ۔پیر کو اے ایف پی کے …
عالمی رہنماؤں کا جنوبی کوریا کے ساتھ ہوائی جہاز کے حادثے پر افسوس کے اظہار کا سلسلہ جاری
سیئول۔30دسمبر (اے پی پی):عالمی رہنماؤں کی جانب سے جنوبی کوریا کی تاریخ کے سب سے ہوالناک ہوائی جہاز کے حادثے پر افسوس کے اظہار کا سلسلہ جاری ہے۔اتوار کو جنوبی کوریا کے طیارے میں آگ لگنے سے 179 افراد ہلاک ہوگئے تھے ، جیجو ایئر کا بوئنگ 737-800 طیارہ رن وے سے پھسل کر موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوا ۔پیر کو اے ایف پی کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چوئی سانگ موک کے نام ایک پیغام میں کہا کہ وہ اس حادثے کے بارے میں جان کر شدید صدمے کا شکار ہیں۔
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق انہوں نےکہا ہے کہ میں لواحقین کے لیے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں، ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کرتا ہوں ۔ یوروپی یونین کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا کہ وہ طیارے کے حادثے کی تصاویر دیکھ کر دل شکستہ ہیں،انہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھی کے طور پر، یورپ غم کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔ پوپ فرانسس، جنہوں نے ایک دہائی قبل جنوبی کوریا کا دورہ کیا، انہوں نے ویٹیکن میں عبادت گزاروں سے کہا کہ وہ زندہ بچ جانے والوں اور مرنے والوں کے لیے دعا گو ہیں ۔
فرانس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہمارے نام جنوبی کوریا میں بہت سے خاندانوں کے ساتھ ہیں جو سوگ منا رہے ہیں۔جرمن صدر فرینک والٹر سٹین مائر نے کہا کہ یہ حادثہ جنوبی کورین عوام کے دل پر ایک اور دھچکا ہے ۔ ہلاک ہونے والوں کے دوستوں اور اہل خانہ کے لیے یہ ایک ناقابل تلافی نقصان اور تکلیف ہے۔
یونان کی وزارت خارجہ نے ایکس پر کہا کہ اس افسوسناک واقعے سے گہرا دکھ ہوا ہے، اس مشکل وقت میں ہم تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ ایران نے جمہوریہ کوریا اور تھائی لینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بغائی نے متاثرین کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار اور اس المناک واقعے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ۔
سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ متاثرین کے خاندانوں اور دوست جمہوریہ کوریا کی حکومت اور عوام کے ساتھ سعودی مملکت کی دلی تعزیت اور ہمدردی ہے۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ انتونیو گوتریس انتہائی غمزدہ ہیں اور اس مشکل وقت میں جمہوریہ کوریا کے عوام اور حکومت کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن(آئی اے ای اے)، جو تقریباً 340 ایئر لائنز کی نمائندگی کرتی ہے نے ایکس پر اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم جیجو ایئر کی پرواز 7C2216 کے حادثے سے صدمے سے دوچار اور غمزدہ ہیں۔ ہماری دعائیں فلائٹ کے مسافروں اور عملے کے پیاروں کے ساتھ ہیں ۔







