عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کے زیر اہتمام ماحول کے تحفظ اور صفائی کے فروغ کے لئے ایک بھرپور آگاہی واک، ڈور ٹو ڈور مہم اور مارکیٹ آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
عالمی یومِ ماحولیات ، ایس پی اے راولپنڈی کے زیر اہتمام ماحول کے تحفظ اور صفائی کے فروغ کےلئے ایک بھرپور آگاہی واک، ڈور ٹو ڈور مہم

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 05 جون (اے پی پی):عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی کے زیر اہتمام ماحول کے تحفظ اور صفائی کے فروغ کے لئے ایک بھرپور آگاہی واک، ڈور ٹو ڈور مہم اور مارکیٹ آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر، افسران، سپروائزری سٹاف اور دیگر ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکا نے ماحول دوست پیغامات پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہریوں کو صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے اور آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔ واک کے دوران شہریوں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے جبکہ مختلف بازاروں اور رہائشی علاقوں میں ڈور ٹو ڈور مہم کے ذریعے عوام کو ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دی گئی۔اس موقع پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات ہمیں اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف، سرسبز اور آلودگی سے پاک رکھنے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھریلو اور تجارتی کوڑا کرکٹ کو کھلے مقامات پر پھینکنے کے بجائے کوڑادانوں میں ڈالیں اور صفائی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر اور صحت مند ماحول یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی شعور اجاگر کرنا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ شہری صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت کے اندراج کے لئے پنجاب کی صفائی ہیلپ لائن 1139سے رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ ان کے مسائل کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم کے دوران وہیکل اور میگا فون کے ذریعے مختلف علاقوں میں اعلانات کیے گئے جبکہ مساجد میں بھی صفائی اور ماحول کے تحفظ سے متعلق خصوصی اعلانات کروا کر شہریوں سے ستھرا پنجاب پروگرام کی کاوشوں میں بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی۔شرکانے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماحول کو آلودگی سے بچانے، صفائی کے فروغ اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ راولپنڈی کو صاف، صحت مند اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔








