جاپان میں ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام انڈر 18 ایشیا کپ 2026 کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ قومی ٹیم ایونٹ کے کانسی کے تمغے کے میچ میں شرکت کرے گی۔
ایشین ہاکی فیڈریشن میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، پی ایچ ایف

مزید خبریں
لاہور۔5جون (اے پی پی):جاپان میں ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام انڈر 18 ایشیا کپ 2026 کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ قومی ٹیم ایونٹ کے کانسی کے تمغے کے میچ میں شرکت کرے گی۔ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام 29 مئی سے 6 جون تک جاپان کے شہر کاکامیگاہارا میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ میچ کے آغاز میں بھارت کو پینلٹی اسٹروک ملا جس پر ٹانی اشیش نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، تاہم پاکستان کے عدیل نے گول سکور کرکے مقابلہ برابر کر دیا۔
میچ کے 35ویں منٹ میں بھارت کے شاہ رخ نے گول کرکے اپنی ٹیم کو دوبارہ برتری دلائی، لیکن صرف دو منٹ بعد پاکستان کے محمد فرحان نے گول کرکے اسکور 2-2 کر دیا۔ 42ویں منٹ میں عزیر احمد نے گول سکور کرکے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول کی برتری دلا دی، تاہم بھارتی کھلاڑی ٹانی اشیش نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مزید تین گول سکور کیے اور اپنی ٹیم کو 3-5 سے کامیابی دلا کر فائنل میں پہنچا دیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی انڈر 18 ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے محدود تیاری اور تجربے کے باوجود غیر معمولی صلاحیتوں، عزم اور جذبے کا مظاہرہ کیا اور قوم کے دل جیت لیے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کو ایونٹ سے صرف چند ہفتے قبل تشکیل دیا گیا تھا جبکہ بیشتر کھلاڑی پہلی مرتبہ کسی بڑے بین الاقوامی مقابلے میں شریک ہوئے تھے۔پی ایچ ایف کے ترجمان کے مطابق سیمی فائنل میں شکست کے باوجود قومی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں عمدہ کھیل پیش کیا اور ثابت کیا کہ پاکستان کے پاس باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کی ایک مضبوط کھیپ موجود ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس ایونٹ سے حاصل ہونے والا تجربہ مستقبل میں قومی ہاکی کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا اور یہ نوجوان کھلاڑی آگے چل کر پاکستان ہاکی کا قیمتی سرمایہ بن سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے کوارٹر فائنل میں بنگلہ دیش کو 2-5 سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ پی ایچ ایف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم نوجوان قومی ہیروز کی کارکردگی پر فخر کرتی ہے اور مستقبل میں مزید کامیابیوں کے لیے ان کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔قومی انڈر 18 ہاکی ٹیم کو الاسکا بیٹری اور پی ٹی سی ایل کا تعاون حاصل ہے۔








