ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقاتیں، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی اقدامات پر زور

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کوئٹہ میں مختلف عوامی، سماجی اور سیاسی مصروفیات کے دوران اہم شخصیات اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور بلوچستان کو درپیش مسائل، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی فلاح کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

کوئٹہ۔5جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کوئٹہ میں مختلف عوامی، سماجی اور سیاسی مصروفیات کے دوران اہم شخصیات اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور بلوچستان کو درپیش مسائل، ترقیاتی ترجیحات اور عوامی فلاح کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے حاجی لطیف اچکزئی کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی اور دلہا دلہن کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس میں تعلیم، صحت، روزگار، سماجی ترقی اور عوامی فلاح کے مختلف امور زیرِ بحث آئے۔

اس موقع پر سیدال خان ناصر نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور موجودہ حکومت ملک کی ترقی، خوشحالی اور درپیش چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور سرمایہ کاری کے بہتر مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سپریم کورٹ بار بلوچستان کے وفد سے بھی ملاقات کی، جس میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل شریک تھے۔

ملاقات کے دوران آئینی، قانونی اور عدالتی امور سمیت بلوچستان میں انصاف کی فراہمی اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔سیدال خان ناصر نے کوئٹہ کے سابق ناظمین اور کونسلرز سے بھی ملاقات کی، جس میں بلدیاتی نظام، شہری مسائل اور مقامی حکومتوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں نوجوانوں اور خواتین کے وفود سے ملاقاتوں میں روزگار، تعلیم، خواتین کی ترقی اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوامی مسائل کو ہر فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کرتے ہوئے صوبے کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار استحکام کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔