عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج اٹک میں قائم کیے گئے انوائرمنٹ سنٹر کا افتتاح کیا
عالمی یومِ ماحولیات پر ڈسٹرکٹ پبلک سکول اٹک میں انوائرمنٹ سنٹر کا افتتاح

مزید خبریں
اٹک ۔ 05 جون (اے پی پی):عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج اٹک میں قائم کیے گئے انوائرمنٹ سنٹر کا افتتاح کیا۔تقریب کا اہتمام ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات تحفظ ایجنسی اٹک ڈاکٹر رابعہ نوشین کی زیرِ نگرانی کیا گیا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔افتتاحی تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا نے طلبہ کی جانب سے لگائی گئی ماحولیاتی نمائش کا تفصیلی معائنہ کیا۔ نمائش میں ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری، آلودگی کے تدارک، پانی کے تحفظ، فضلہ کے مؤثر انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق مختلف ماڈلز، چارٹس اور آگاہی مواد پیش کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور ماحول دوست سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل میں ماحولیاتی شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔راؤ عاطف رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یومِ ماحولیات ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ زمین، پانی، فضا اور قدرتی وسائل کا تحفظ صرف حکومتوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت تیسری دنیا کے ممالک کو ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے متعدد مسائل کا سامنا ہے، جن میں تیز رفتار آبادی میں اضافہ، جنگلات کی کم شرح، صنعتی و گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہونے والی فضائی آلودگی، پینے کے صاف پانی کی قلت، غیر مؤثر ویسٹ مینجمنٹ سسٹم اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والی قدرتی آفات شامل ہیں۔








