عدلیہ قانون کی بالادستی کو مضبوط بنانے اور ہر شہری کے لیے انصاف کی بروقت و مؤثر فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ

اسلام آباد ۔10دسمبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تحفظ ایک قومی ذمہ داری ہے جو ہمارے آئینی وژن میں پیوست، ہماری ثقافتی اقدار سے مضبوط اور پاکستان کو پرامن، جمہوری اور خوشحال بنانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے،عدلیہ قانون کی بالادستی کو مضبوط بنانے اور ہر شہری کے لیے انصاف کی بروقت و مؤثر فراہمی پر بھرپور توجہ …

اسلام آباد ۔10دسمبر (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تحفظ ایک قومی ذمہ داری ہے جو ہمارے آئینی وژن میں پیوست، ہماری ثقافتی اقدار سے مضبوط اور پاکستان کو پرامن، جمہوری اور خوشحال بنانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے،عدلیہ قانون کی بالادستی کو مضبوط بنانے اور ہر شہری کے لیے انصاف کی بروقت و مؤثر فراہمی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ دنیا بھر میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ڈے کے موقع پر ہم ایک بار پھر انسان کی حرمت، آزادی اور مساوات کے تحفظ کے اپنے آئینی اور اخلاقی عزم کی تجدید کرتے ہیں۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے کہا کہ یہ دن انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے (UDHR) کی یاد تازہ کرتا ہےجو ایک ایسے انقلابی عالمی عہد کی علامت ہے جس نے دنیا کے متعدد آئین، عوامی اداروں اور ترقیاتی حکمتِ عملیوں بشمول ایجنڈا 2030 برائے پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی۔چیف جسٹس نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی سماجی، معاشی اور تکنیکی دنیا میں پاکستان کی عدلیہ قانون کی بالادستی کے استحکام اور ہر شہری کو بروقت و مؤثر انصاف کی فراہمی پر پوری توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

عدالتی اصلاحات کا مقصد عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، شفافیت کو فروغ دینا اور بالخصوص کمزور اور پسماندہ طبقات کو درپیش رکاوٹوں کو کم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے حقوق کا بہتر طور پر تحفظ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے طریقۂ کار میں بہتری، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، ججز کی تربیت میں اضافہ اور ادارہ جاتی رابطوں کو مضبوط بنانے جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ عدلیہ ایک شہری مرکوز نظامِ انصاف کی تشکیل کے لیے پرعزم ہےایسا نظام جو ہر فرد کے احترام کو مقدم رکھے، بروقت انصاف فراہم کرے اور انصاف کے تقاضوں کو بغیر کسی خوف یا دباؤ کے پورا کرے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ صرف عدالتوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جو آئین کے وژن، ہماری تہذیبی اقدار اور ایک روشن، پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کے مستقبل سے جڑی ہوئی ہے۔

 

مزید خبریں