عرب ممالک کا کامن الیکٹریسٹی مارکیٹ قائم کرنے کا اعلان

قاہرہ ۔3دسمبر (اے پی پی):عرب لیگ نے عالمی سطح پر صاف توانائی کے بڑے برآمد کنندگان کے طور پر عرب ممالک کی پوزیشن قائم کرنے کے لئے عرب کامن الیکٹریسٹی مارکیٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔امارات کی نیوز یجنسی وام کے مطابق عرب لیگ نے برقی توانائی کے شعبے میں علاقائی انضمام کے حصول کے لیے ایک قدم کے طور پر عرب کامن الیکٹریسٹی مارکیٹ کے آغاز کا …

قاہرہ ۔3دسمبر (اے پی پی):عرب لیگ نے عالمی سطح پر صاف توانائی کے بڑے برآمد کنندگان کے طور پر عرب ممالک کی پوزیشن قائم کرنے کے لئے عرب کامن الیکٹریسٹی مارکیٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔امارات کی نیوز یجنسی وام کے مطابق عرب لیگ نے برقی توانائی کے شعبے میں علاقائی انضمام کے حصول کے لیے ایک قدم کے طور پر عرب کامن الیکٹریسٹی مارکیٹ کے آغاز کا اعلان کیا ہے جو عرب وزارتی کونسل برائے بجلی کے 15ویں اجلاس کے دوران کیا گیا جو مصر کے نئے انتظامی دارالحکومت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بجلی اور توانائی کے وزرا اور 22 عرب ممالک کے وفود نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران، دو معاہدوں پر دستخط کئے گئے جن میں ایک معاہدہ ، مارکیٹ کے اہداف اور اس کی ترقی کے طریقہ کار کی وضاحت کرتا ہے، جبکہ دوسرا معاہدہ جس کو مارکیٹ ایگریمنٹ کا نام دیا گیا ہے ، مارکیٹ کے لیے ادارہ جاتی اور تجارتی فریم ورک کا تعین کرتا ہے ۔معاہدوں پر متحدہ عرب امارات، کویت، فلسطین، شام، مصر، سعودی عرب، قطر، لیبیا، سوڈان، یمن، مراکش اور اردن نے دستخط کئے ۔

وام کے مطابق اس مارکیٹ کا مقصد بجلی کی فراہمی کے استحکام کو بڑھانا، لاگت کو کم کرنا، قابل تجدید توانائی میں سرمایہ کاری کی حمایت کرنا، عالمی سطح پر صاف توانائی کے بڑے برآمد کنندگان کے طور پر عرب ممالک کی پوزیشن قائم کرنا، بجلی کی کھپت کی کارکردگی کو بہتر بنانا، اور ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دینا اور رکن ممالک کی قومی توانائی کی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے۔