علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں خصوصی تعلیم کی تین روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں "خصوصی ضروریات کی تشخیص" کے موضوع پر منعقدہ تین روزہ استعدادِ کار بڑھانے کی تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ ورکشاپ شعبہ خصوصی تعلیم نے ایپک ٹریننگز کے اشتراک سے منعقد کی۔ اختتامی تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔ورکشاپ کا مقصد خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کی بروقت اور درست تشخیص، اساتذہ اور …

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں "خصوصی ضروریات کی تشخیص” کے موضوع پر منعقدہ تین روزہ استعدادِ کار بڑھانے کی تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔

یہ ورکشاپ شعبہ خصوصی تعلیم نے ایپک ٹریننگز کے اشتراک سے منعقد کی۔ اختتامی تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔ورکشاپ کا مقصد خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کی بروقت اور درست تشخیص، اساتذہ اور ماہرین کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید تشخیصی طریقۂ کار سے آگاہی اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا تھا۔ تین روزہ تربیتی پروگرام میں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت آٹزم ریسورس سینٹر، ڈائریکٹوریٹ آف سپیشل ایجوکیشن پنجاب، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپیشل ایجوکیشن اسلام آباد، بحریہ سپیشل ایجوکیشن سکول اینڈ کالج، فوجی فاؤنڈیشن انسٹی ٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن، امیدِ نور سپیشل ایجوکیشن سکول اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے 43 اساتذہ، ماہرین اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کی بروقت اور درست تشخیص انہیں معیاری تعلیم اور مؤثر تعلیمی معاونت فراہم کرنے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور ماہرین کی پیشہ وارانہ تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی خصوصی تعلیم کے شعبے میں معیاری تربیت اور تحقیق کے فروغ کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔