گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات

"پاکستان اور چین کی ہر موسم کی آزمودہ دوستی باہمی اعتماد، مشترکہ تعاون اور خطے کی ترقی و خوشحالی کی مضبوط بنیاد ہے۔”

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ، آزمودہ اور ہر موسم کی دوستی، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر آفس کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور بھی زیر غور آئے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں چینی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبے دونوں ممالک کی پائیدار شراکت داری کا مظہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبہ جات پر بھی خصوصی توجہ انتہائی ضروری ہے تاکہ دونوں ممالک اس منصوبہ کے فوائد سے مستفید ہوں۔ اس موقع پر سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی ، خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاک چائینہ دوستی کے صدر اکبر ایوب خان ، مشیر خزانہ مزمل اسلم ، پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی ، جمعیت علمائے اسلام کے پارلیمانی لیڈر مولانا لطف الرحمان ، عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ارباب عثمان ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مسلم لیگ جلال خان ، این ڈی ایم کے افراسیاب خٹک ، صوبائی مشیر معدنیات عارف احمد زئی اور اراکینِ اسمبلی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں