کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے نہری نظام، خریف سیزن کے دوران آبپاشی کے انتظامات اور ٹیل تک زرعی پانی کی منصفانہ فراہمی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیاگیا، جس میں رکن بلوچستان اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالمجید بادینی نے خصوصی طورپرشرکت کی۔ چیف انجینئر کینالز انجینئر قربان علی جتوئی، سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل مدثر ظفر …
حکومت کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، کمشنر نصیرآباد ڈویژن

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 09 جولائی (اے پی پی):کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے نہری نظام، خریف سیزن کے دوران آبپاشی کے انتظامات اور ٹیل تک زرعی پانی کی منصفانہ فراہمی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیاگیا، جس میں رکن بلوچستان اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالمجید بادینی نے خصوصی طورپرشرکت کی۔
چیف انجینئر کینالز انجینئر قربان علی جتوئی، سپرنٹنڈنگ انجینئر ایریگیشن سرکل مدثر ظفر کھوسہ، ایگزیکٹو انجینئر پٹ فیڈر کینال فرید احمد پندرانی سمیت محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں چیف انجینئر کینالز قربان علی جتوئی نے پٹ فیڈر کینال، اوچ مانجھوٹی کینال اور کیرتھر بیرون کینال کی موجودہ صورتحال، پانی کی دستیابی، واٹر کورسز کی بندش، نہری نظام کی بہتری اور خریف سیزن کے دوران پانی کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ محکمہ آبپاشی نہری نظام کو مؤثر انداز میں چلانے، پانی کے ضیاع کی روک تھام، غیر قانونی پانی چوری کے سدباب اور تقسیم کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے، جبکہ خریف سیزن کے دوران نہروں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ ہیڈ سے ٹیل تک تمام کاشتکاروں کو ان کے مقررہ حصے کے مطابق پانی فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں بالخصوص ضلع جعفرآباد کے ٹیل ایریاز کو پانی کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ٹیل کے آبادکاروں کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے جامع لائحہ عمل پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، جبکہ پانی کی ترسیل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا بے ضابطگی کی صورت میں متعلقہ افسران فوری کارروائی کریں گے۔ اس موقع پر کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی نے کہا کہ نصیرآباد ڈویژن بلوچستان کا زرعی مرکز ہے اور یہاں کی معیشت کا انحصار زراعت پر ہے، اس لیے پانی کی منصفانہ تقسیم اور بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں، نہری نظام کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں اور پانی کی تقسیم میں مکمل شفافیت برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی علاقے یا کاشتکار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان کسانوں کے مفادات کے تحفظ اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، لہٰذا محکمہ آبپاشی کے افسران اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ خریف سیزن کے دوران کسی بھی علاقے میں پانی کی قلت پیدا نہ ہو اور بالخصوص ٹیل کے کاشتکاروں کو ان کا جائز حق ہر صورت مل سکے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نہری نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور منظم بنایا جائے گا، پانی چوری اور ضیاع کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور خریف سیزن کے دوران نصیرآباد ڈویژن، خصوصاً ضلع جعفرآباد کے ٹیل ایریاز تک زرعی پانی کی بلاتعطل فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔








